Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کی عرب امارات کے سفیر سے ملاقات

وفاقی وزیر نے یو اے ای کے فلم سازوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی سے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران دونوں راہنماؤں نے پاکستان اور عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم اورنگزیب نے پاکستانی عوام کی طرف سے عرب امارات کے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شیخ خلیفہ مرحوم پاکستان کے دوست تھے، ان کی وفات دونوں ممالک کے لیے بڑا نقصان ہے۔
’یو اے ای کے نئے صدر شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان وژنری اور ترقی پسند لیڈر ہیں۔‘
وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شیخ محمد بن زید آنے والی نسلوں کی ترقی و خوش حالی کا انقلابی وژن رکھتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے عرب امارات کے فلم سازوں اور سرمایہ کاروں کو فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
’یو اے ای اے کے کامیاب دبئی ایکسپو کے انعقاد پر یو اے ای کی قیادت اور آرگنائزر کو مبارک پیش کرتے ہیں۔ دوبئی نمائش سے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے علاوہ معاشی مواقع میں اضافہ ہوا اور مختلف ممالک کی ثقافت کو فروغ ملا۔‘
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔
یو اے ای کے سفیر نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ 2020 میں مقبول ترین پاکستانی ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ عربی زبان میں ڈب کرا کے سعودی عرب میں نشر کیا گیا تھا جبکہ دو اور پاکستانی کلاسیک ڈراموں کی ڈبنگ پر کام ہو رہا ہے۔ 

شیئر: