Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کی والدہ انتقال کر گئیں

فاروق ستار کی والدہ گزشتہ کچھ دنوں سے شدید علیل تھیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سربراہ تنظیم ایم کیوایم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار پیروانی کی سیاست میں مدد و معاونت کرنے والی ان کی والدہ فاطمہ عبدالستار کراچی میں انتقال کر گئی ہیں۔
فاروق ستار  کا کہنا ہے کہ ’سیاسی زندگی کے اہم فیصلوں میں میری والدہ نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا۔‘
فاروق ستار کے قریبی ساتھی اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما شبیر علی کے مطابق اکتوبر 2017 میں فاروق ستار نے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ کے عہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تو ان کو اپنا فیصلہ واپس لینے پر رضامند کرنے والی ان کی والدہ تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے بعد فاروق ستار کو پارٹی کی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس پر انہوں نے دل برداشتہ ہوکر سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا۔
’اس فیصلے کی ان کی والدہ نے شدید مخالفت کی اور انہیں اپنا فیصلہ واپس لینے پر رضامند کیا، اس فیصلے کے اعلان کے لیے کی جانے والی پریس کانفرنس میں ان کی والدہ بھی ان کے ہمراہ موجود رہیں اور فاروق ستار کو پابند کیا کہ وہ عوامی خدمت کی سیاست جاری رکھیں۔‘
شبیر علی کا کہنا ہے کہ اس پریس کانفرنس پر مخالفین کافی سخت باتیں بھی کیں، لیکن انہوں نے ان تمام منفی باتوں کا جواب دینے کے بجائے فاروق ستار کو عوامی مسائل حل کرنے کی ترغیب دی۔
ان کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کی والدہ فاطمہ عبدالستار ایک گھریلو خاتون تھیں، لیکن وہ قومی سیاست پر گہری نظر رکھتی تھیں۔ اکثر فاروق ستار کو مشورے بھی دیا کرتی تھیں اور کسی غلط فیصلے پر ڈانٹ بھی دیا کرتی تھیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ان کی سیاست میں ان کی والدہ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ایک گھریلو خاتون ہونے ساتھ ساتھ وہ ایک سیاسی بصیرت رکھنے والی خاتون تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میرا تعلق ایک مڈل کلاس گھرانے سے ہے، قومیت کے حساب سے ہم میمن ہیں اور ہمارے ہاں سیاست میں جانے کا کوئی خاص رجحان نہیں پایا جاتا تھا، جب میں نے  اے پی ایم ایس او میں کام شروع کیا اور تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ علاقوں کی سطح پر بھی مشکلات پیش آئیں تو میری والدہ اکثر حالات کی وجہ سے پریشان بھی ہوجایا کرتی تھی، میرے لیے دعائیں کرتی تھیں۔‘

مرحومہ کی نماز جنازہ بعد نماز عصر پی آئی بی گروانڈ میں ادا کی گئی (فوٹو: ٹوئٹر)

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’جب میں پہلی بار کراچی کا میئر بنا تو میری والدہ بہت خوش تھیں اور وہ کہتی تھیں کہ اب عوام کے مسائل حل کرنے ہیں ان کے لیے ہمارا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔‘
یاد رہے کہ فاروق ستار کی والدہ گزشتہ کچھ دنوں سے شدید علیل تھیں اور وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹرلیٹر پر شفٹ کیا گیا تھا اور آج صبح ان کا انتقال ہوا تھا۔
مرحومہ کی نماز جنازہ بعد نماز عصر پی آئی بی گروانڈ میں ادا کی گئی جس میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت بعد ازاں انہیں کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا۔

شیئر: