Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے پر آنے والوں کا ابشر اکاؤنٹ بن سکتا ہے؟

شخصی معاملات کی انجام دہی کے لیے ابشر پلیٹ فارم استعمال کیا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام سرکاری معاملات کو ڈیجیٹل طریقے سے پیش کیا جاتا ہے۔
ڈیجیٹل ذرائع کی وجہ سے معاملات کافی آسان ہو گئے ہیں جبکہ اس سے قبل اقامے کی تجدید اورخروج وعودہ وغیرہ کا اجرا کافی دشوار ہوا کرتا تھا۔
ہر شخص کا ابشر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہے خواہ سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی۔
ابشر سروس کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ ’کیا وزٹ ویزے پر آنے والا اپنا ابشر اکاؤنٹ بنا سکتا ہے؟‘
اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا ’وزٹ ویزے پر آنے والے اپنا ابشر اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں۔ ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے ان کے تمام قانونی معاملات انجام دیے جا سکتے ہیں۔‘
واضح رہے وزارت داخلہ کی جانب سے ڈیجیٹل طریقے سے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیے جاتے ہیں جن میں سب سے معروف اور ضروری پلیٹ فارم ابشر ہے۔ 
شخصی معاملات کی انجام دہی کے لیے ابشر پلیٹ فارم استعمال کیا جاتا ہے جبکہ تجارتی کمپنیوں کے لیے مقیم مخصوص ہے۔ 
ابشرمیں اکاؤنٹ بنانےکے لیے اقامہ ہولڈر کے علاوہ وزٹ ویزے پر آنے والوں کو بھی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ وزٹرز کو یہ سہولت ان کے پاسپورٹ نمبر اور مملکت میں داخل ہونے کے بعد جاری کیے جانے والے امیگریشن انٹری نمبر کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔

ابشر اکاؤنٹ بنانے سے کافی سہولت ہوتی ہے جس کے بعد تمام معاملات ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے پی)

ابشر اکاؤنٹ بنانے کے مختلف طریقے ہیں جن میں سب سے بہتر طریقہ جوازات کے دفتر یا مختلف مقامات پر نصب کیے گئے جوازات کے خود کار کمپیوٹرز ہیں۔
دوسرا طریقہ بینک اکاؤنٹ ہے۔ جبکہ تیسرا طریقہ ہے کہ جوازات کے پورٹل پر لاگ ان کر کے وہاں اپنا اکاؤنٹ بنانے کے لیے معلومات فیڈ کی جائیں، جس کے بعد جوازات کی جانب سے نصب میشنوں پر فنگر پرنٹ اور آئی سکینگ کر کے اکاؤنٹ کو اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔
ابشر اکاؤنٹ بنانے سے کافی سہولت ہوتی ہے جس کے بعد تمام معاملات ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیے جا سکتے ہیں جن میں وزٹ ویزے کی توسیع اور دیگر معاملات شامل ہیں۔ ابشر اکاؤنٹ کی سہولت سے قبل جوازات کے دفتر جانا پڑتا تھا مگر اس سہولت کے بعد جوازات کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی اور گھر بیٹھے ہی تمام معاملات انجام دیے جا سکتے ہیں۔ 

شیئر: