Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب امریکہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک سے گندم خریدے گا 

2022 کے دوران 4 لاکھ 95 ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں خوراک کے قومی ادارے نے کہا ہے کہ ’شمالی و جنوبی امریکہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک سے 2022 کے دوران 4 لاکھ 95 ہزار ٹن گندم خریدی جائے گی۔ اس حوالے سے کارروائی مکمل کی جارہی ہے‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق قومی ادارے کے گورنر انجینیئر احمد الفارس نے بتایا کہ ’سعودی بندرگاہوں پر گندم لانے والے جہاز مقررہ نظام الاوقات کے مطابق لنگر انداز ہوں گے‘۔ 
انجینیئر احمد الفارس نے کہا کہ ’سعودی عرب نے چار لاکھ 95 ہزار ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ سٹراٹیجک ذخیرہ بڑھانے اور گندم کے حوالے سے ملکی و قومی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا ہے‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ’ گندم کے سودے کی تیسری قسط نومبر 2022 سے جنوری 2023 تک پہنچے گی۔ تین جہاز ایک لاکھ 85 ہزارٹن گندم جدہ اسلامی بندرگاہ، تین جہاز ایک لاکھ 85 ہزار ٹن گندم ینبع کمرشل پورٹ اور دو جہاز ایک لاکھ 25 ہزار ٹن گندم لے کر دمام کی کنگ عبدالعزیز بندرگاہ پہنچیں گے‘۔ 
 قومی ادارے کے گورنر نے کہا کہ’ گندم کا کاروبار کرنے والی 24 بین الاقوامی کمپنیوں سے بات چیت کی گئی تھی' ان میں سے 13 کمپنیوں نے اس میں حصہ لیا۔ کم بولی کے ٹینڈر دینے پر چار کمپنیوں کا انتخاب کیا گیا ہے‘۔

شیئر: