Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کو ہر ممکن آسانی فراہم کی جائے: شاہ سلمان بن عبدالعزیز

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان کی زیرصدارت جدہ کے قصرالسلام میں ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کی کہ’ وہ عازمین حج کی ہر ممکن خدمت کریں اور انہیں درکار ہرسہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں‘۔ 
کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت منگل کو جدہ کے قصرالسلام میں ہوا ہے۔
شاہ سلمان نے کابینہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ اللہ تعالی نے مملکت کو خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی خدمت کا اعزازعطا کیا ہوا ہے۔ دنیا بھر سے حج اورعمرہ زائرین یہاں کا رخ کرتے ہیں‘۔
’سعودی عرب نے زائرین کی نگہداشت، سرپرستی اور آرام و راحت کا خیال ریاست کے قیام کے روز اول سے کیا ہے اورآئندہ بھی کرتا رہے گا۔ حرمین شریفین اوران کے زائرین کی اعلی استعداد کے ساتھ خدمت جاری رکھنا ہمارا فخر تھا، ہے اور رہے گا‘۔ 
شاہ سلمان نے حج خدمات پر مامور تمام ریاستی اداروں کو ہدایت کی کہ’ وہ اس عظیم اعزاز کا حق احسن طریقے سے ادا کریں۔ موجودہ حج موسم کی انتظامی اورآپریشنل سکیمیں بہتر شکل میں نافذ کریں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ نیا حج موسم کورونا وبا کے بعد سب سے بڑا ہے۔ اس کا تقاضا ہے کہ زائرین کو عبادت اور حج کے کام کی ادائیگی میں ہر ممکن آسانی فراہم کی جائے۔ عازمین حج سکون و اطمینان کے ساتھ اپنے کام کریں۔ اسی کے ساتھ وبا سےنمٹنے کے لیے ضروری صحت کامیابیوں کا بھی تحفظ کیا جائے‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کو بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ اور کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی جانب سے ملنے والے پیغامات سے آگاہ کیا۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ ولی عہد اور نائب وزیراعظم کے دورہ مصر، اردن اور ترکی کے نتائج کی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔ تینوں ملکوں نے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی سعودی انشیٹو کا خیر مقدم کیا اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے  سلسلے میں سعودی کوششوں کو سراہا ہے‘۔
اس بات کاعزم ظاہر کیا گیا کہ ہر طرح کی انتہا پسندی و دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدوجہد تیز کرنا ہوگی۔ تینوں ملکوں نے قومی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے سعودی اقدامات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔ 
کابینہ کے اجلاس میں عراقی وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ان کے مذاکرات کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔
سعودی کابینہ نے بحرین کے ساتھ سیاسی رابطہ کمیٹی کے پہلے مشاورتی اجلاس کے نتائج، اٹلی کے ساتھ مشترکہ کمیشن کے اجلاس کے امور پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
ماجدالقصبی نے بتایا کہ کابینہ نے عالمی مالیاتی فنڈ کے مشاورتی اجلاس برائے 2022 کے اختتام پر جاری ہونے والے بیان کا بھی جائزہ لیا۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے واضح کیا تھا کہ سعودی معیشت اور اس کی مالی پوزیشن مضبوط ہے اور مستقبل پر اس کےمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ 
سعودی کابینہ نے توکلنا ایپ کے لیے اقوام متحدہ کے ایوارڈ 2022 کو ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سعودی عرب کی قائدانہ کاوشوں کا اعتراف قراردیا۔  

شیئر: