Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے تعاقب کے لیے پرعزم ہیں: سعودی کابینہ

کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصرالسلام میں شاہ سلمان کی زیرصدارت ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے کہا ہے کہ’ یمن میں تشدد بھڑکانے، ملک کو خطرات لاحق کرنے اور یمنی عوام کو مشکلات میں ڈالنے والے حوثیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے تعاقب کے سلسلے میں پرعزم ہیں‘۔
 منگل کو جدہ کے قصرالسلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی حقوق کونسل میں پیش کردہ اپنے موقف کا اعادہ کرتےہوئے کہا کہ ’سعودی عرب، سوڈان اور اس کے عوام کے امن و استحکام کے ہر اقدام کے ساتھ تھا اور رہے  گا۔‘
اجلاس میں کہا گیا کہ ’اس حوالے سے موقف غیرمتزلزل ہے۔عالمی برادری سوڈان میں امن و سلامتی کے استحکام میں اپنا کردارادا کرے۔‘
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نیز کرغیزستان کے صدر کے نام شاہی پیغامات کے متن سے آگاہ کیا۔
کابینہ کے اجلاس میں گزشتہ دنوں برادر اور دوست ممالک کےعہدیداروں کے ساتھ سعودی حکام کی ملاقاتوں، مذاکرات کی تفصیلات کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
سعودی کابینہ نے سعودی مراکشی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے کہا کہ’ فریقین مطلوبہ امنگوں کے حصول، دوطرفہ تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے  لیے پرعزم ہیں۔علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں‘۔ 
وزیرمملکت و قائم مقام وزیراطلاعات ڈاکٹرابراہیم العساف نے کہا کہ’ کابینہ نے کہا کہ’ توانائی اورماحولیات کے موضوع پراکنامک فورم میں شرکت کرکے پوری دنیا کے سامنے پھریہ بات رکھ دی کہ مملکت ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول سازگار کرنے کے لیے عالمی فریقوں کے ساتھ تعاون کی پالیسی پر قائم ہے‘۔ 

 کابینہ نے وزیر خزانہ کو امریکہ کے ساتھ کسٹم امور میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کا اختیار تفویض کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)

 کابینہ نےکاروباری کارکردگی کو جدید خطوط پر احسن شکل میں استوار کرنے اور اصلاحات نافذ کرنے کے سلسلے میں سرکاری اداروں کی کوششوں پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ 
اجلاس میں ایجنڈے پر موجود امورکا جائزہ لیا گیا اور متعدد فیصلے کیے۔ وزیر ثقافت کو چین کے ساتھ روایتی آرٹ کے شعبے میں مذاکرات کرکے مفاہمتی یادداشت اور قبرص کے ساتھ عدالتی امور میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر انصاف کو تفویض کیا گیا۔
کابینہ نے سلطنت عمان کے ساتھ ریڈیو ٹی وی نشریات کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی ہے۔ 
 وزیر خزانہ کو امریکہ کے ساتھ کسٹم امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور مدد کے معاہدے پر دستخط  اور وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کو امارات کے ساتھ خواتین کے معاملات میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا گیا ہے۔ 
کابینہ نے کویت، بحرین اور جیبوتی کے ساتھ دہشت گردی کے انسداد دہشت گردی کی فنڈنگ کے سدباب کے  سلسلے میں تعاون کے معاہدے، پرنس سلطان سینٹر فار ڈیفنس سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے نظام میں ترامیم کی منظوری دی۔
کابینہ نے سماجی فلاحی فنڈ کی منسوخی اور اس کے تمام اختیارات، فرائض، اثاثے اورعملے سماجی فروغ بینک منتقل کرنے، مملکت میں اردنی بینک کو اپنی برانچ قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔ 

شیئر: