Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تم اچھا بولتے اور پہنتے ہو، تمہیں ٹیم کا کپتان بنایا جائے گا‘

پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد نے حالیہ دنوں میڈیا انٹرویوز میں انکشافات کا سلسلہ جاری کیا ہوا ہے۔
احمد شہزاد کے مطابق سنہ 2015 کے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں پاکستانی ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا تھا۔
نجی ٹی وی چینل کو احمد شہزاد نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’2015 کے ورلڈ کپ سے پہلے نجم سیٹھی نے ان سے ملاقاتیں کیں۔ ان میٹنگز میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ وہ مجھے کپتان بنانے کا سوچ رہے ہیں۔‘
’انہوں نے کہا کہ میں دنیا کے میڈٰیا کو قابو کر سکتا ہوں، اور دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کرسکتا ہوں۔‘
اںہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’تم اچھا بولتے ہو، اچھا پہنتے ہو، اور تم نہایت عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہو اور تم ہمارا اثاثہ ہو۔‘
احمد شہزاد نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کیونکہ 2015 کا ورلڈ کپ مصباح کا بطور کوچ آخری ٹورنامنٹ تھا، تو بورڈ نے کہا کہ میں 2015 کے ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کا کپتان بنوں گا، بس میں اسی کی طرح برتاؤ کروں۔‘
احمد شہزاد نے اس سے پہلے اپنے انٹرویو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے احمد شہزاد کا کیریر تباہ کیا ہے۔
احمد شہزاد نے سنہ 2009 میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں اپنے کیریر کا آغاز کیا تھا جس کے میں انہوں نے 13 ٹیسٹ میچز میں 982 رنز، 81 ون ڈے میچز میں 2605 رنز اور 59 ٹی 20 میچز میں 1471 رنز بنا کر پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔
احمد شہزاد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف 2019 میں لاہور میں کھیلا تھا جس کے بعد سے اب تک احمد شہزاد ٹیم میں واپسی نہیں کر پائے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی احمد شہزاد کے بارے میں صارفین کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
مسز فیض عمر نامی ایک صارف اپنے ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ ’کبھی ہمت نا ہارو، ناکامی اور نامنظوری کامیابی کے جانب پہلا قدم ہیں، احمد شہزاد کو واپس لایا جائے۔‘
نقش فاطمہ نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ’پتا نہیں میں احمد شہزاد کا انٹرویو دیکھنے کے بعد رو رہی ہوں، احمد شہزاد کو واپس لایا جائے۔‘
حسن چیمہ نامی صارف نے طنزیہ انداز میں اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اور اس نے ایسا برتاؤ کیا کہ اپنے آپ کو ٹیم سے ہی نکال دیا، بہت اچھے۔‘
عمیر نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’یہ اپنی بری کارکردگی اور برے چال چلن کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔‘

 

شیئر: