ڈاکار ریلی 2026: سعودی عرب کا نیا روٹ ڈرائیورز کی برداشت آزمانے کے لیے تیار
سعودی عرب تین جنوری سے ڈاکار ریلی 2026 کی میزبانی کے لیے تیار ہے جو ایف آئی اے، ایف آئی ایم ورلڈ ریلی ریڈ چیمپئن شپ کے افتتاحی مرحلے کے طور پر منعقد ہوگی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریلی میں وسیع پیمانے پر شرکت سعودی عرب کے موٹر سپورٹس کے لیے ایک عالمی مرکز بننے کی عکاسی کرتی ہے۔
ریلی میں تقریباً 433 گاڑیاں اور 812 شرکا شامل ہوں گے جو 69 ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ ریلی ایک نئے راستے بحیرۂ احمر کے ساحل سے شروع ہو کر سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے گزرے گی جس میں صحرا، ریت کے ٹیلے، پہاڑ اور ساحلی راستے شامل ہوں گے جو ڈرائیورز کی تیاری اور برداشت کو آزمائیں گے۔
سعودی عرب سے 25 مرد و خواتین ریلی میں شرکت کریں گے۔ اس ریلی کا انعقاد سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن نے سعودی موٹر سپورٹس کمپنی کے اشتراک سے وزارتِ کھیل کی نگرانی میں کیا ہے۔
سعودی شرکاء کی قیادت گزشتہ ایڈیشن کے چیمپئن یزید الراجحی کر رہے ہیں جو اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے ڈاکار ریلی میں 12ویں مرتبہ شرکت کی تیاری کر رہے ہیں۔ ورلڈ ریلی ریڈ چیمپئن شپ میں کامیابیوں کے ایک سلسلے کے بعد کار کیٹیگری میں صفِ اول کے مقابلہ کرنے والوں میں ان کی پوزیشن مزید مضبوط ہو چکی ہے۔

چیلنجر کلاس میں دانیہ عقیل ایک نمایاں سعودی کھلاڑی ہیں اور وہ ڈاکار ریلی میں پانچویں بار حصہ لے رہی ہیں۔ وہ 2022 میں آٹھویں نمبر پر رہیں اور 2021 میں ٹی تھری کیٹیگری کا عالمی کپ جیت چکی ہیں۔
اس سال ڈاکار کلاسک میں 97 پرانی گاڑیاں بھی شامل ہوں گی، جن میں 75 کاریں اور 22 ٹرک شامل ہیں جو 1980 اور 1990 کی دہائیوں سے لے کر 2005 تک کے ماڈلز ہیں۔ نیا چار ہزار 292 کلومیٹر کا طویل راستہ رفتار کے بجائے تسلسل اور برداشت پر توجہ دے گا۔

ڈاکار 2026 کا نیا روٹ ریلی کی شاندار روایت کے مطابق چیلنجز پیش کرتا ہے جہاں ہر علاقہ اپنی رفتار اور تکنیکی تقاضے رکھتا ہے اور دو ہفتوں پر مشتمل اس سخت مقابلے میں وہی ڈرائیورز کامیاب ہوں گے جو خود کو حالات کے مطابق ڈھال کر پوری توجہ برقرار رکھ سکیں۔