تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان اور اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
اسحاق ڈار نے شہزادہ فہد بن سلطان کے گرمجوش جذبات کا خیرمقدم کیا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے شہر تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
بدھ کو نائب وارت خارجہ اور سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے شہزادہ فہد بن سلطان کے گرمجوش جذبات کا خیرمقدم کیا۔
گورنر تبوک نے نائب وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے اپنے پچھلے مثبت رابطوں کے تناظر میں ان کو تبوک آنے کی دعوت بھی دی۔
گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر بحث آئے اور دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو فروغ دینے کے ضمن میں شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز کی ذاتی دلچسپی کو بھی سراہا۔
