Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سب سے مہنگی امپورٹڈ گاڑی لیمبورگینی رِیؤیلٹو، قیمت اور کسٹم ڈیوٹی کتنی تھی؟

اس بات کو چند روز ہی گزرے ہیں کہ کراچی کی بندر گاہ پر ایک جامنی رنگ کی سپر کار کنٹینر سے نکلتی ہے اور پاکستان کا سوشل میڈیا جیسے ہوش کھو بیٹھتا ہے۔ِ
گاڑی کو شاہانہ انداز سے کنٹینر سے باہر آتے دیکھ معلوم ہوتا ہے کہ یہ معروف اطالوی آٹوموبیل کمپنی لیمبورگینی کی رِیؤیلٹو سپر کار ہے۔
سوشل میڈیا پر بحث چھڑتی ہے کہ یہ اتنی مہنگی گاڑی لی کس نے ہوگی اور اس کے مالک نے کتنا خرچہ کیا ہوگا۔
تاہم دن گزرے کے ساتھ ساتھ گاڑی کی مزید ویڈیوز اور تصاویر منظر عام پر آئیں اور معلوم پڑا کہ اس کا مالک پاکستان کے شہر فیصل آباد کا معروف پاسبان گروپ ہے۔
پاسبان گروپ گزشتہ کئی برس سے پاکستان میں لگژری اور سپورٹس گاڑیاں امپورٹ کرتا آیا ہے۔ یہ گروپ کچھ سال قبل لیمبورگینی اوینٹادور بھی امپورٹ کر چکا ہے اور دعویٰ یہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں سب سے پہلی اوینٹادور امپورٹ کرنے والا بھی یہی گروپ تھا۔
اب اگر موجودہ گاڑی لیمبورگینی رِیؤیلٹو کی قیمت کا اندازہ کیا جائے تو اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یہ اب تک کی پاکستنان میں امپورٹ کی جانے والی سب سے مہنگی گاڑی معلوم ہوتی ہے۔ اس کی وجہ گاڑی کی اپنی قیمت نہیں بلکہ پاکستان میں کسٹم ڈیوٹی کے قوانین ہیں۔

پاکستان کی سب سے مہنگی گاڑی اور پہلی لیمبورگینی رِیؤیلٹو فیصل آباد کے پاسبان گروپ کی ملکیت ہے۔ (فوٹو: ٹک ٹاک)

پاکستان کی آٹوموبیل سے جڑی  ویب سائٹ پاک ویلز نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ یہ اب تک کی سب سے مہنگی امپورٹ ہے۔
پاک ویلز نے حال ہی میں اس گاڑی کی قیمت کا تخمینہ بھی اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے جس کے مطابق اس گاڑی کی قیمت امریکی ڈالرز میں 6 لاکھ سے 7 لاکھ تک ہے جو پاکستانی روپے میں 19  سے 20 کروڑ بنتی ہے۔
اب اصل کہانی شروع ہوتی ہے پاکستان میں اس گاڑی کو لانے کے خرچے کی۔ امپورٹ ڈیوٹی کے حساب سے پاکستان میں اس گاڑی پر لاگو ہونے والا ٹیکس تقریبا 400 فیصد کے قریب ہے۔
پاک ویلز پر شیئر کیے گئے ایک سکرین شاٹ میں ڈیوٹیز کا اندازہ لگایا جائے تو کل ٹیکسز کی مد میں اس گاڑی کے مالک نے 41 کروڑ روپے ادا کیے۔ اس کے علاوہ شپمنٹ اور انشورنس جیسے خرچے شامل کر کے اس گاڑی کی پاکستان میں آن روڈ قیمت 67 سے 68 کروڑ روپے ہے۔

تصویر بذریعہ پاک ویلز

لیمبورگینی رِیؤیلٹوو کے فیچرز کا ذکر کیا جائے تو یہ گاڑی ایک ہائبرڈ سپر کار ہے جس میں 6498 سی سی کا طاقتور انجن لگا ہوا ہے، جو 819 ہارس پاور اور 725 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتا ہے۔ یہ گاڑی آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ آتی ہے اور صرف دو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش رکھتی ہے۔ ا
اس کی لمبائی 4947 ملی میٹر، چوڑائی 2033 ملی میٹر اور اونچائی 1160 ملی میٹر ہے، جبکہ گاڑی کا وزن تقریباً 1772 کلوگرام ہے۔ اس میں 65 لیٹر کا فیول ٹینک ہے اور اوسطاً 5 سے 6 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتی ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی جاتی ہے، جبکہ اس میں 345/30 R21 سائز کے چوڑے ٹائر لگے ہوئے ہیں۔ یہ ایک خالص پرفارمنس کے لیے بنائی گئی کار ہے، اسی لیے اس میں ڈِگی کی گنجائش صفر لیٹر رکھی گئی ہے۔

شیئر: