Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چاہتے ہیں عازمین حج یہاں سے منفرد یادیں لے کر جائیں‘

پاکستانی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور بھی سیمینار میں شریک ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اتوار کو مکہ مکرمہ میں ’وبا کے بعد حج ... عبادت اور خدمت‘ کے عنوان سے حج سیمینار کا افتتاح کیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 2 روزہ سیمینار میں حج اورعازمین کے لیے سعودی عرب کی ثقافتی اور تمدنی خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔ شرکا مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں توسیع، تعمیرِ، تزئین و تحسین کے لیے نافذ کیے جانے والے اہم منصوبوں کا تعارف کرا رہے ہیں۔ 
اس موقع پر اسلامی دنیا کے ماہرین اور حج پر آنے والوں سے متعلق مختلف امور و مسائل پر مباحثے بھی کررہے ہیں۔ 

حکومت چاہتی ہے کہ حاجی یہاں سے منفرد یادیں لے کر جائیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ سعودی عرب ہر سال حج، عمرہ اور زیارت پر آنے والے زائرین کے استقبال کا اعزاز حاصل  کرتا ہے۔ سعودی عرب اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرنے کے  لیے جملہ وسائل بروئے کار لاتا ہے اور اس حوالے سے پرعزم ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے مسائل کے باوجود حج کا اہتمام گزشتہ دو برسوں کے دوران احتیاطی تدابیر کے ساتھ کیا گیا۔ سعودی قیادت کی ہدایت تھی کہ پانچویں رکن کی  ادائیگی کا اہتمام تمام تر رکاوٹوں کے باوجود کیا جائے۔
حج کی ادائیگی کے لیے مطلوبہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سعودی حکومت نےحرمین شریفین میں توسیع، منی، مزدلفہ اور عرفات میں مختلف سہولیات کا بھرپور اہتمام کیا اور کررہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ حاجی یہاں سے منفرد یادیں لے کر جائیں۔ 

حج، دنیا بھر کے انسانوں کو امن وسلامتی کا پیغام دیتا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

وزیر حج نے کہا کہ حج مکہ مکرمہ سے دنیا بھر کے انسانوں کو امن و سلامتی و سکون واطمینان کا پیغام دیتا ہے۔ 
افتتاحی اجلاس میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس، اردنی وزیر اوقاف ڈاکٹر محمد الخلایلہ، پاکستانی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور، الجزائر کے وزیر اوقاف یوسف مہدی بھی شریک تھے۔
مشیر ایوان شاہی اور رکن سربرآوردہ علما بورڈ ڈاکٹر  صالح بن حمید نے سیمینار کی نظامت کی۔ پیر کو تین بڑے مباحثے ہوں گے جن میں مختلف ممالک کے دانشور، علما، وزرا اور اعلی عہدیدار شریک ہوں گے۔ 

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: