Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں عید کے دوران بادل برسیں گے، محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی

پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں بارش کے موجودہ سلسلے کا رخ ابھی سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کی طرف ہے اور ان علاقوں میں آئندہ چند روز میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔
پیر کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ ’گذشتہ دو دنوں میں خیبر پختونخواہ اور کشمیر سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ چھ جولائی کے بعد بارش کا موجودہ سلسلہ وسطی اور شمالی پنجاب میں بھی داخل ہوجائے گا اور ملک بھر میں بارشیں عید کے دوران 12 اور 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل گذشتہ روز محکمہ موسمیات نے ایک بیان میں کہا تھا کہ مون سون کے نئے سلسلے کا مرکز پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے جنوب مغرب میں بحیرہ عرب میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا کہ شدید بارشوں کے سبب سندھ اور بلوچستان کے متعدد شہر بشمول کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، خضدار، اورماڑہ اور گوادر کے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو بھی خبردار کیا گیا تھا کہ وہ 5 جولائی تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

شیئر: