Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ایئرپورٹس پر پھنسے عازمین حج کو جدہ روانگی کی خصوصی اجازت

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ’حج ویزہ کے حامل عازمین کو جدہ ایئرپورٹ پر 7 ذی الحج کی رات 12 بجے تک اترنے کی خصوصی اجازت ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ لاہور، پشاور اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر پھنسے عازمین حج کو جدہ روانگی کی خصوصی اجازت مل گئی ہے۔
بدھ کو ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا خصوصی اجازت دینے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
’مسئلہ کے فوری حل کے لیے سعودیہ میں تعینات پاکستانی سفیر اور حج مشن کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔‘
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نجی حج سکیم کے 123 عازمین حج کو ایئر بلیو اور سعودی ایئر کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود 25 سرکاری عازمین حج کو پشاور اور لاہور سے روانہ کیا جا رہا ہے۔
’حج ویزہ کے حامل عازمین کو جدہ ایئرپورٹ پر 7 ذی الحج کی رات 12 بجے تک اترنے کی خصوصی اجازت ہے۔ حج ویزہ کے حامل عازمین حج کسی بھی پرواز کے ذریعے جدہ ایئرپورٹ کا سفر کر سکیں گے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حج ویزہ کے حامل افراد خود بھی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے متعین وقت سے پہلے جدہ ایئرپورٹ پہنچ سکتے ہیں۔

شیئر: