Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مناسک حج کا آغاز، 10 لاکھ مسلمان فریضہ ادا کر رہے ہیں

مناسک حج کا آغاز آج جمعرات سے ہو گیا ہے جس میں رواں برس سعودی عرب نے10 لاکھ مقامی اورغیرملکی عازمین کو حج کی اجازت دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا اور ان میں سے بہت سوں نے سورج کی تپش سے بچنے کے لیے چھاتے تھام رکھے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں درجہ حرات 42 سینٹی گریڈ کی حد تک پہنچ گیا ہے۔
آج (جمعرات  کو) کو زائرین منیٰ میں واقع خیموں کے شہر کا رخ کر رہے ہیں جو مسجد الحرام سے لگ بھگ پانچ کلومیٹر فاصلے پر جبل عرفات کے سامنے واقع ہے۔
یہ وہ مقام ہے جہاں پیغمبر اسلام نے آخری خطبہ دیا تھا۔
سعودی عرب کی حکومت نے زائرین حج کی صحت اور سکیورٹی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔
زائرین کی سہولت کے لیے میں سعودی عرب کی وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کیے ہیں۔
علاوہ ازیں منیٰ میں بھی 26 طبی مراکز خدمات کے لیے تیار ہیں جہاں انتہائی نگہداشت کے لیے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والوں کے لیے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لیے وہاں طبی عملے کے 25 ہزار افراد موجود ہیں۔
منیٰ کے خیمے فائر پروف مواد سے تیار کردہ ہیں۔ یہ اے سی کے  جدید ترین سسٹم سے آراستہ ہیں۔ 

حج 1443ھ  کے لیے آج 8 ذی الحجہ  1443ھ مطابق 7 جولائی 2022 کو زائرین منی پہنچے ہیں۔ جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریں گے۔ حجاج کرام 9 ذی الحجہ کو فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف ادا کریں گے۔ 
حاجی حضرات 10،  11 ،  12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی  12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی  13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔ 
مشاعر مقدسہ ٹرین سروس کے انتظامات
سعودی ریلوے لائن کمپنی ’سار‘ نے کہا ہے کہ حج 1443ھ  کے لیے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمدورفت کے لیے ٹرین انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ 
تجرباتی  طور پر ٹرین منیٰ سے مزدلفہ اور عرفات اور وہاں سے منیٰ کا سفر کیا گیا۔  ان مقامات پر ٹرین کے  9 سٹیشن ہیں۔ تین عرفات، تین مزدلفہ اور تین منیٰ میں ہیں۔ آخری سٹیشن جمعرات پل کی چوتھی منزل پر ہے۔ 
مسجد الحرام میں 250 دیوہیکل ’پھوار‘ پنکھے

حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب وہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 دیوہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں۔ ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی  ہےتاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق  پھوار چھوڑنے والے دیوہیکل پنکھوں کی بدولت حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے جبکہ سورج کی تپش کم ہوجاتی ہے۔
مشاعر مقدسہ میں 5 ہزار مرد و خواتین سکیورٹی گارڈز

حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے کہا ہے کہ اس سال منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اندرون مملکت سے حج کرنے والے سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں  کے خیموں کی نگرانی کے لیے پانچ ہزار سیکیورٹی گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں خواتین بھی شامل ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق  العمیری نے بتایا کہ اندرون مملکت سے حج کرانے والے معلمین نے سیکیورٹی گارڈز کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔
 یہ کمپنیاں داخلی معلمین کو منی کے خیموں، منی ٹاورز، عرفات کے خیموں اور مزدلفہ میں حاجیوں کی موجودگی کے دوران رات کے وقت ان کی رہائش کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی گارڈز فراہم کریں گی۔ 
 مسجد الحرام میں ’روبوٹ گائیڈ‘، اردو سمیت گیارہ زبانوں میں سوالات کے جواب

سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام میں عازمین حج کو مذہبی استفسارات کا جواب دینے کے لیے ’روبوٹ گائیڈ‘ متعارف کرایا ہے۔ انتظامیہ مصنوعی ذہانت سے استفادے کی حکمت عملی اپنائے ہوئے ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق روبوٹ گائیڈ زائرین کو حج اورعمرے کے طریقے سے آگاہ کرے گا۔ علاوہ ازیں گیارہ زبانوں میں استفسارات اور جوابات کا فوری ترجمہ بھی فراہم کرے گا۔ 
روبوٹ گائیڈ اردو، عربی، انگریزی، فرانسیسی، روسی، فارسی، ترکی، ملاوی، بنگالی، چینیِ اور ہوساوی سے لیس ہے۔ ٹچ سکرین 21 انچ کی ہے۔ اس سے متعدد کام لیےجاسکتے ہیں۔ 

شیئر: