یمنی فورسز کا حوثیوں پر 647 حملوں کا دعوی، میزائل حملے میں 2 افراد ہلاک
122 حوثی کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ہلاک یا زخمی کرنے کا بھی دعوی کیا گیا( فوٹو: سکرین گریب)
یمن کی سرکاری افواج نے پیر کو حوثیوں کے اہداف پر 647 حملے کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا پر تعز میں ایک بیلسٹک میزائل حملے کا بھی الزام لگایا جس میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
فوجی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ’یہ کارروائیاں ’آپریشن ڈان آف یمن‘ کے ایک حصے کے طور پر اتحادی پاپولر ریزسٹنس کے تعاون سے کی گئی ہیں۔ حوثیوں کی پوزیشنز، مورچوں، ہتھیاروں کے مقامات اور کمک کو نشانہ بنایا گیا۔‘
16 فضائی، 36 ڈرون، 50 راکٹ ،545 توپ خانے اور 50 راکٹ لانچر بیراج کے حملے کیے گئے۔ قریبا 122 حوثی کمانڈروں اور جنگجوؤں کو ہلاک یا زخمی کرنے کے علاوہ 56 فوجی گاڑیوں اور دیگر ساز و سامان تباہ یا ناکارہ بنانے کا بھی دعوی کیا گیا ہے۔
یمنی فورسز نے بتایا ’حوثی ملیشیا نے تعز کے علاقے میں ایک گھر کو بیلسٹک میزائل حملے سے نشانہ بنایا۔ اس میں دو شہری ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔ حوثی سنائپر نے اسی علاقے میں ایک خاتون کو گولی مار کر زخمی کردیا۔‘
ترجمان نے کہا ’سرکاری فورسز اور پاپولر ریزسٹنس نے تعز شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں حوثیوں کے حملوں کو پسپا اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے جبکہ ایک باروی ڈرون کو مار گرایا۔‘
’اس دوران جنگی طیاروں نے کئی محاذوں پر حوثیوں کے اجتماعات اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔‘
تعز کے مشرق اور مارب میں لڑائی جاری رہی۔ سرکاری افواج نے حوثیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا اور انہیں پسپا ہونے پر مجبور کیا۔ ایک ڈرون بھی مار گرایا گیا۔ دیگر علاقوں میں بھی سرکاری افواج نے حوثیوں کو جانی نقصان پہنچایا اور ان کے ساز و سامان کو تباہ کیا۔
سرکاری افواج نے میزائل اور سنائپر حملوں کو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا، شہریوں اور سول انفرا سٹرکچر کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا ’شہریوں اور سویلین املاک پر ہونے والے حملوں کی ذمہ داری حوثیوں پر عائد ہوتی ہے۔ ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے گا۔‘
