Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جینسن ہوانگ دوبارہ اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو مقرر، ٹرمپ نے ’عظیم محبِ وطن‘ قرار دے دیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہوانگ اس تنازع کے بعد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا نے پیر کو اپنے شریک بانی جینسن ہوانگ کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا۔ یہ فیصلہ ان کے استعفے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد سامنے آیا، جب ایک ایسی خاتون کے ساتھ تعلقات کی خبروں پر تنازع پیدا ہوا تھا جس پر امریکی انٹیلی جنس اداروں کو چین کے لیے جاسوسی کا شبہ ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر ہوانگ کو فوری طور پر صدر، سی ای او اور بورڈ رکن کے عہدوں پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ بورڈ کا کہنا تھا کہ متعدد اجلاسوں کے بعد وہ ہوانگ کی دیانت داری اور قیادت کی صلاحیت سے مطمئن ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہوانگ اس تنازع کے بعد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئیں گے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ’اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کو دوبارہ سی ای او مقرر کر کے درست فیصلہ کیا ہے۔‘
بعد ازاں سی این بی سی کو ٹیلیفون پر انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ تنازع دراصل کمپنی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے این ویڈیا کی ٹیکنالوجی عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ان کی حیثیت میں کوئی کمی آئے گی۔ وہ شاید پہلے سے بھی بلند مقام پر واپس آئیں گے۔‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہوانگ اپنی غلطی پر معذرت کر چکے ہیں اور حکومت کے پاس ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں جس سے معلوم ہو کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام کیا ہو۔ تاہم انہوں نے کمپنی پر زور دیا کہ چین کو جدید چپس کی فروخت سے متعلق قواعد کی مکمل جانچ جاری رکھی جائے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک رہنماؤں نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوانگ کے چین سے مبینہ روابط اور کمپنی کی کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے کئی سوالات ابھی تک جواب طلب ہیں۔

ڈان بیکن نے کہا کہ ہوانگ ایک چینی جاسوس کے ذریعے متاثر ہوئے اور این ویڈیا کو انہیں دوبارہ عہدے پر بحال نہیں کرنا چاہیے تھا (فوٹو: اے ایف پی)

سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے رہنما چک شومر نے اعلان کیا کہ وہ ہوانگ اور اینویڈیا کے کردار کی تحقیقات کریں گے۔ ان کے مطابق اگر قومی سلامتی کو مالی مفادات پر قربان کیا گیا تو اس معاملے کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔
ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے رکن راجا کرشنا مورتی نے ہوانگ کی بحالی کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ چین کو ان کے ذریعے کس نوعیت کی معلومات تک رسائی حاصل ہوئی ہو سکتی ہے۔
ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے بھی اس فیصلے کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا اور پوچھا کہ انتظامیہ کے کن عہدیداروں نے ہوانگ کی بحالی کی حمایت کی تھی۔
تنقید صرف ڈیموکریٹس تک محدود نہیں رہی۔ ریپبلکن رکن کانگریس ڈان بیکن نے الزام عائد کیا کہ ہوانگ ایک چینی جاسوس کے ذریعے متاثر ہوئے اور این ویڈیا کو انہیں دوبارہ عہدے پر بحال نہیں کرنا چاہیے تھا۔

سکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ انتظامیہ کو اینویڈیا کی بیرونِ ملک جدید چپ فروخت کے بارے میں مزید معلومات درکار ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح ریپبلکن سینیٹر جان کارنن نے ٹرمپ کے اس دعوے پر سوال اٹھایا کہ ہوانگ قومی سلامتی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں۔
ادھر ٹرمپ نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تنازع کے مرکز میں موجود خاتون کا تعلق چین کی ایک اہم انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکار سے تھا۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے اتوار کو کہا تھا کہ انتظامیہ کو اینویڈیا کی بیرونِ ملک جدید چپ فروخت کے بارے میں مزید معلومات درکار ہیں۔

 

شیئر: