گورنر قصیم سے چینی زبان کے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات
گورنر کو چینی زبان سیکھانے کے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل سے پیر کو ان کے دفتر میں چین کے اساتذہ اور چینی زبان سیکھنے والے متعدد طلبہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی گورنر شہزادہ فہد بن سعد بھی موجود تھے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر قصیم کو چینی زبان سیکھانے کے منصوبے، تعلیمی مقاصد اور ان کے نفاذ کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
گورنر قصیم نے پی ایچ ڈی کرنے والے 17 مرد وخواتین اساتذہ سے بھی ملاقات کی۔ اساتذہ کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی علمی قابلیت اور تحقیقی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا اساتذہ کی جانب سے اپنی علمی اور تحقیقی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ تعلیمی شعبے کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔
گورنر قصیم نے اس بات پر زور دیا انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کا آغاز تعلیم سے ہوتا ہے جبکہ تعلیمی پروگراموں میں تنوع اور قومی صلاحیتوں کی موثر تربیت ایک ایسی نسل کی تیاری کا اہم ذریعہ ہے جو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق علم اور مہارتوں سے آراستہ ہو۔

انہوں نے اساتذہ کے علمی تجربات سے استفادہ کرنے اور ان کی تحقیقی کامیابیوں کو تدریسی طریقوں اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے بروئے کار لانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
