Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گزشتہ دوبرسوں میں وبا کے باوجود حج بند نہیں کیا‘، گورنرمکہ

گورنر مکہ مکرمہ نے مشاعر مقدسہ میں انتظامات کا جائزہ لیا (فوٹو، ایس پی اے)
 گورنرمکہ  و مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل حج انتظامات اور ضیوف الرحمان کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کے لیے منی پہنچ گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق منی میں گورنر مکہ مکرمہ کا استقبال ڈپٹی گورنر شہزادہ بدربن سلطان نے کیا انکے ہمراہ دیگراعلی عہدیداربھی موجود تھے۔
گورنر مکہ  نے عازمین حج کوفراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاعازمین حج کی مشاعر مقدسہ میں منتقلی کا پہلا مرحلہ بخیر وخوبی مکمل ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا ’ گزشتہ 2برسوں میں کورونا کی وبا کے باوجود مملکت نے حج بند نہیں کیا بلکہ مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ  مناسک حج ادا کرنے کے لیے ہرقسم کی سہولتیں فراہم کیں۔ امسال دنیا بھر سے عازمین حج کی تعداد میں اضافہ کیا گیا اور  مکمل احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے 10 لاکھ افراد کو حج ادا کرنے کی سہولت فراہم کی ہے‘۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرمکہ مکرمہ نے مزید کہا ’امسال ضیوف الرحمان کی خدمت کےلیے مختلف مقامات پر ایک لاکھ 50 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات مہیا کی گئی ہیں‘
غیرقانونی طورپرحج کرنے کی کوشش کرنے والوں کے حوالے سے گورنرمکہ کا کہنا تھا کہ ’اب تک مختلف ممالک سے تعلق رکھنےوالے غیر قانونی طورپرمقیم 2 ہزار500 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جو بغیرحج پرمٹ کے مشاعر میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ علاوہ ازیں غیر قانونی افراد کومشاعر منتقل کرنے کی کوشش کرنے والے 19 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔‘
شہزادہ خالد الفیصل نے مزید کہا ’سیکیورٹی اہلکاروں نے مختلف چیک پوسٹوں سے حج پرمٹ کے بغیرمکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک لاکھ 11 ہزار افراد اور68 ہزار گاڑیوں کو لوٹایا‘۔

پرمٹ کے بغیر حج کےلیے جانے والے 2500 افراد کو گرفتارکیا گیا(فوٹو، ایس پی اے) 

مشاعر مقدسہ میں مختلف شعبوں کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے گورنر مکہ کا کہنا تھا کہ ’مشاعرمقدسہ اور مکہ مکرمہ میں حجاج کی سہولت کے لیے 20 ملین مکعب میٹرپانی فراہم کیا گیا جبکہ 3800 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے 2 لاکھ 10 ہزار جبکہ  7 لاکھ 90 ہزارعازمین کو 10 ہزاربسوں کے ذریعے مشاعر مقدسہ منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

شیئر: