سعودی عرب کا ایک اور امدادی قافلہ غزہ پہنچ گیا، فوڈ باسکٹس کی تقسیم
جمعرات 8 جنوری 2026 20:59
سعودی عرب نے فلسطینی عوام کےلیے امدادی مہم کے ایک حصے کے طور پر شاہ سلمان مرکز کے ذریعے ایک اور قافلہ غزہ بھیجا ہے جبکہ جنوبی غزہ کے علاقے الموصی میں فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی سینٹر فارکلچر اینڈ ہیریٹج جوغزہ کی پٹی میں شاہ سلمان مرکز کا ایگزیکٹیو پارٹنر ہے، کی نگرانی میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔
یہ فوڈ باسکٹس، خوراک کی شدید قلت اور روز مرہ کی ضروریات پوری کرنے سے قاصر فلسطینی خاندانوں کی مدد کا ذریعہ ہیں۔
شاہ سلمان مرکز کے ذریعے بھیجے گئے امدادی قافلے میں خوراک، موسم سرما کے ملبوسات اور شیلٹر شامل ہیں۔
سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹج نے غزہ میں رفح اور خان یونس کے علاقوں میں بے گھر افراد کو شیلٹر فراہم کرنے، موسم سرما کے دوران انہیں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے کئی کیمپ قائم کیے ہیں۔
یاد رہے سعودی قیادت نے سعودی عوامی مہم کے ذریعے غزہ میں انسانی صورتحال سے نمنٹے اور مصائب کے خاتمے کےلیے فضائی، بحری اور زمینی پلوں کے ذریعے امداد کی فراہمی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

2023 میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے سعودی عرب نے امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فضائی اور بحری امدادی پل قائم کیے۔
اب تک 78 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے ساڑھے 7 ہزار ٹن سے زیادہ امداد فراہم کی گئی۔
اس میں خوراک، طبی سامان، آلات اور شیلٹر شامل ہیں۔ سیکڑوں امدادی ٹرک خوراک اور طبی امداد لے کرغزہ پہنچے۔ اس کے علاوہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو 20 ایمبولینسں فراہم کیں۔

سعودی امدادی ایجنسی نے غزہ کی پٹی میں امدادی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 90.35 ملین ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
جبکہ سرحدی راہداریوں کی بندش کے باعث امداد کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کےلیے اردن کے تعاون سے ایئر ڈراپ امددی آپریشن بھی کیے۔
