Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امسال حجاج کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے کم رہی

اندرون مملکت سے آنے والے عازمین کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار رہی (فوٹو، ٹوئٹر)
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کا کہنا ہے کہ امسال حجاج کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 99 ہزار 353 رہی جن میں بیرونی اور اندرون مملکت سے آنے والے عازمین شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی جانب سے جاری ہونے والی  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امسال 2022 میں حج کے لیے بیرون مملکت سے مجموعی طورپرآنے والے عازمین کی تعداد 7 لاکھ 79 ہزار 919 تھی جبکہ 1 لاکھ 19 ہزار434 اندرون مملکت سے سعودی شہری اوریہاں رہنے والے غیر ملکی شامل تھے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں برس حج کے لیے آنے والوں میں مجموعی طورپر 4 لاکھ 86 ہزار458 مرد جبکہ 4 لاکھ 12 ہزار895 خواتین شامل ہیں۔
بیرون مملکت سے آنے والے حجاج کے حوالے سے اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ عرب ممالک سے آنے والے عازمین کا تناسب 21.4 فیصد جبکہ ایشیائی عازمین کا تناسب 53.8 فیصد ، افریقی حجاج 13.2 فیصد اورامریکہ و یورپی حجاج کا تناسب 11.6 فیصد رہا۔
فضائی ذریعے سے آنے والے عازمین کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 38 ہزار 680 رہی جبکہ  زمینی راستے سے آنے والے عازمین 35 ہزار 210 اور سمندری ذریعے سے آنے والے 6 ہزار 29 عازمین شامل تھے۔

شیئر: