Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارلیمنٹ میں ہنگامہ ،وزیرعظم سے استعفی کا مطالبہ

اسلام آباد ... قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپوزیشن اراکین نے بازووں پر کالی پٹیاں باندھ کر شرکت کی اور شدید احتجاج کیا۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں استعفیٰ کے مطالبے پر متفق ہیں۔ سپریم کورٹ کے 2 ججوں نے بڑی دلیری سے فیصلہ دیا ۔3 ججوں نے اس فیصلے کی تردید نہیں کی بلکہ مزید تحقیقات کا حکم دیا۔ اپوزیشن اس معاملے کو ہر فورم پر اٹھائے گی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم استعفیٰ دیکر ایوان اور جمہوری نظام کو بچائیں کیونکہ جے آئی ٹی وزیراعظم سے تحقیقات نہیں کرسکتی ۔ ن لیگ کے شیخ آفتاب کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان ڈپٹی ا سپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔گو نواز گو کے نعرے لگائے ۔ احتجاج کے باعث سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیئے گئے۔ قبل ازیں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سینیٹر اعتزاز احسن کی سربراہی میں ہوا۔ پانامہ کیس کے فیصلے پر مشاورت کی گئی۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بھر پور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔سراج الحق، شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری بھی اجلاس میں شریک تھے۔ عمران خان نے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ 

 

شیئر: