Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستند اطالوی کھانوں کی ماہر سعودی شیف ھتون الطوخی

میری اطالوی ساس میری استاد ہیں جو روایتی کھانوں میں انتہائی مہارت رکھتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
بہترین اور مستند اطالوی فوڈ شیفز میں سے ایک سعودی خاتون شیف ھتون الطوخی ان دنوں سوشل میڈیا پر انتہائی اعلی مقام حاصل کر چکی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ھتون الطوخی نے سوشل میڈیا کے ذریعےعام لوگوں تک رسائی حاصل کر کے بتایا ہے کہ وہ اطالوی کھانا کیسے تیار کرتی ہیں تا کہ دیکھنے والے اطالوی پکوان کی حقیقت کو بہتر طریقے سے جان سکیں۔

کھانے کے شوقین افراد میری مہارت کی بھرپور تعریف کرتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

ان دنوں ھتون الطوخی سوشل میڈیا کے ذریعے متعدد کوکنگ شوز میں اطالوی کھانا پکانے کی خاص تکنیک کو براہ راست اپنے دیکھنے والوں کے ساتھ شیئر کر رہی ہیں۔
سعودی شیف نے بتایا ہے کہ کھانا تیار کرنے کے منفرد شوق کا آغاز میں نے تب کیا جب عالمی پیمانے پر پھیلنے والے وبائی مرض کورونا کے باعث مجھے ملازمت سے فارغ کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اطالوی خاندان میں میری شادی  ہوجانے کے بعد میں نے اپنی ساس سے  منفرد اطالوی کھانے پکانے کی ترکیبیں حاصل کیں اور ساتھ ساتھ بہترین اطالوی پکوان بنانے کے لیے اس کی لذت کے راز حاصل کئے۔
باصلاحیت شیف الطوخی کا کہنا ہے کہ اطالویوں سے کھانے کی تعریف حاصل کرنا انتہائی مشکل ہے تاہم مجھے اپنے تمام سسرال والوں کی بھرپور تائید حاصل ہوئی جس کے بعد کھانے کے شوقین افراد میری اس خاص مہارت کی بھرپور تعریف کرتے ہیں۔

متعدد کوکنگ شوز میں اطالوی کھانا پکانے کی تکنیک شیئر کر رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

انہوں نے بتایا کہ میری ساس روایتی اطالوی کھانے پکانے میں انتہائی مہارت رکھتی ہیں جو میری استاد ہیں اور انہوں نے مجھے انتہائی پیار سے روایتی کھانا بنانے کی ترکیبیں سکھائی ہیں۔
سعودی شیف ان دنوں اطالوی کھانا پکانے کی ورکشاپس کا انعقاد کررہی ہیں جہاں وہ سیکھنے والوں کو اطالوی پاستا، انتہائی لذیذ چٹنیاں اور دیگر روایتی اطالوی پکوان تیار کرنے کے طریقے سکھا رہی ہیں۔
اطالوی کھانوں کے بارے میں بہت زیادہ معلومات رکھنے کے باعث اب سعودی شیف کے ساتھ اطالوی کھانے تیار کرنے والے کئی ریسٹورنٹ اور کمپنیوں نے اپنے کھانوں کے معیار کو جانچنے کے لیے  رابطے کئے ہیں تا کہ وہ ان کے کھانے بالخصوص اطالوی پاستا کے معیار کی درجہ بندی کر سکیں۔
علاوہ ازیں سعودی خاتون شیف  نے اپنے گھر میں محدود پیمانے پر اطالوی کھانوں کی معروف ڈشز  جن میں تازہ پاستا، لیگسن ، راویولی ، لنگوینی ، فوسیلی اور ٹرامیسو شامل ہیں ان کی فروخت کا بیڑا بھی اٹھا رکھا ہے۔

سعودی شیف اطالوی کھانا پکانے کی ورکشاپس کا انعقاد کررہی ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

الطوخی کا کہنا ہے کہ اس شعبے میں  درپیش چیلنجوں میں سے ایک یہ ہے کہ ان کا تیار کردہ  مستند اطالوی کھانا مملکت کے ریستورانوں میں پیش کیے جانے والے کھانے سے قدرے  مختلف ہے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ مقامی لوگوں کے ذائقے کی تسکین کے لیے اکثر ریسٹورنٹ اس کی ترکیب میں کچھ ردو بدل  کر دیتے ہیں۔
سعودی یا عرب کھانوں کی ڈشز سے لطف اندوز ہونے والوں کے لیے میرا تیار کردہ کھانا باعث حیرت ہوتا ہے پھر مجھے اطالوی کھانوں کی خصوصیات اور ذائقے کے بارے میں انہیں اعتماد میں لینا پڑتا ہے۔

اطالوی پاستا کی ڈو تیار کرنے کے لیے ہم اس کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

آخر میں انہوں نے بتایا جب ہم گھر میں تازہ پاستا تیار کرتے  ہیں تو گھر کے تمام افرادبشمول میرے شوہرکو اس کی تیاری میں شامل ہونا پڑتا ہے۔
اطالوی پاستا کی ڈو تیار کرنے کے لیے ہم اس کے ساتھ کھیلتے ہیں خاص طور پر میرا بیٹا اور بعض اوقات میں اپنی ساس کو اس فن میں مدعو کرتی ہوں تو یہ ایک عمدہ خاندانی تقریب بن جاتی ہے۔
سعودی شیف نے بتایا کہ عنقریب میں ایک ریڈیو شو میں میزبانی کر رہی ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ یہ پروگرام  صرف کھانا پکانے کی ترکیبوں کے بارے میں نہیں ہوگا بلکہ اس میں  ہم بہت سے سماجی موضوعات پر بھی بات کریں گے۔
 

شیئر: