العلا کی قدیم علامات فیشن کا حصہ، سعودی ڈیزائنر کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی
معروف سعودی فیشن ڈیزائنر اور جامعہ طیبہ میں فیکلٹی ممبر دلال ظویھر الجھنی نے تاریخی مقامات پر گائیڈز کے لیے یونیفارم کی تیاری میں العلا کی قدیم ثقافت کو اجاگر کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی فیشن ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں فیشن ڈیزانر کے طور پر کام شروع کیا اور بین الاقوامی ایونٹس میں مملکت کی نمائندگی بھی کی۔
انہوں نے بتایا کہ اپنے ڈیزائن میں العلا کی قدیم تہذیب کو اجاگر کرتے ہوئے ان رموز کو استعمال کیا جو ماضی میں رائج تھیں۔‘
’یونیفارم کی تیاری کے لیے سب سے زیادہ توجہ العلا کی ثقافت پر تھی جس کے لیے الحجر اور جبل عکمہ میں پائے جانے والے نقوش اور نبطی دور کے حروف اور اشاروں کو دی گئی۔‘

دلال ظویھر الجھنی نے کہا کہ ڈیزائن میں بیل، شیر اور ہاتھ وغیرہ کو نمایاں کیا گیا تاکہ دیکھنے والے پہلی نظر میں یہ جان سکیں کہ یہ گائیڈ العلا کے تاریخی علاقے کی رہنمائی کے لیے موجود ہے۔
منصوبے کے آغاز کے حوالے سے الجھنی کا کہنا تھا کہ ’ہر کام کا آغاز مشکل ہوتا ہے جس میں مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ سب سے اہم اعلی کوالٹی کے خام مال کا حصول تھا۔‘

سعودی فیشن ڈیزائنر کی لگن اور تخلیقی صلاحیت بارآور ثابت ہوئی۔ انہوں نے لندن انٹرنیشنل ایگزیبیشن برائے جدت اور ایجاد 2024 میں گولڈ حاصل کیا۔
کروشیا اور رومانیہ میں بھی ان کے کام کو سراہا گیا اوراعزازات سے نوازا گیا۔
