Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بیرون مملکت سے عمرہ ایجنسیوں کی خدمات موثر

نئے ہجری سال کے آغازسے عمرہ کمپنیاں خدمات شروع کریں گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب نے نئے عمرہ سیزن کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے تمام ممالک میں عمرہ کمپنیوں و اداروں کی سروسز موثر کر دی ہیں۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ و زیارت کے ڈپٹی چیئرمین ھانی العمیری نے بتایا کہ نئے ہجری سال  1444  کے شروع سے داخلی و بیرونی کمپنیاں و ادارے عمرہ زائرین کو مختلف خدمات فراہم کریں گے۔ 
سعودی حکومت نےعمرہ زائرین کو سہولت فراہم کرنے والے تمام اداروں اور کمپنیوں کو مطلوبہ خدمات فراہم کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا۔ 
العمیری نے توجہ دلائی کہ بیرونی ایجنٹس گروپس ’بی ٹو بی‘ سسٹم  اور 500 سے زیادہ سعودی کمپنیاں و ادارے ’بی ٹو سی‘ سسٹم کے تحت کام کریں گے۔ نئے عمرہ موسم میں عمرہ زائرین کو منفرد سہولتیں پیش کی جائیں گی۔ 
العمیری نے کہا کہ 2 ہزار سے زیادہ بیرونی ایجنٹس جنہیں وزارت حج و عمرہ کی منظوری حاصل ہے عمرہ زائرین کو مطلوبہ خدمات پیش کریں گے۔ 
 وزارت حج و عمرہ 34 ملکی و بین الاقوامی آن لائن بکنگ پلیٹ فارمز کے ذریعے سہولیات فراہم کرنے کی داخلی و خارجی کمپنیوں و اداروں کو منظوری دے چکی ہے۔ 
یہ کمپنیاں و ادارے بی ٹو بی اور بی ٹو سی سسٹم کے ذریعے افراد اور گروپوں کو عمرہ پیکیج فراہم کریں گے۔ پیکیج کی رقمیں الخلیج انٹرنیشنل بینک یا ویزا ، ماسٹر کارڈ اور مدی سسٹم کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ 

 ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے جدید بسیں استعمال کی جائیں گی (فوٹو، ٹوئٹر)

بسوں کی جنرل سنڈیکیٹ کے پاس رجسٹرڈ  68 سے زیادہ کمپنیاں عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کریں گی۔
کمپنیاں جدید ترین بسوں کے ذریعے زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت دیں گی۔ 1900 سے زیادہ سہولت کار ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹ میں رہائش کے انتظامات کریں گے۔ انہیں وزارت حج و عمرہ اور وزارت سیاحت کی منظوریاں ملی ہوئی ہیں۔ 
العمیری نے کہا کہ محرم 1444ھ کے شروع سے عمرہ زائرین کی آمد ہوگی۔ توقع ہے کہ نئے عمرہ سیزن میں دس ملین سے زیادہ زائرین مملکت پہنچیں گے۔ 

شیئر: