Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھاتے داروں کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے ساما کا نیا اقدام کیا؟

اس کا مقصد کھاتے داروں کا اعتماد برقرار رکھنا ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی سینٹرل بینک (ساما) کے گورنر ڈاکٹر فہد المبارک نے اتوار کو سعودی بینکوں کے جوائنٹ آپریشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔
عاجل اور اخبار 24 کے مطابق سینٹرکھاتے داروں کے ساتھ پیش آنے والی جعلسازی کی سرگرمیوں کی پیروی کرے گا۔ سعودی عرب کے تمام بینک سینٹر کے سائبان تلے مشترکہ آپریشن روم میں کام کریں گے۔ صارفین کے ساتھ ہونے والی دھوکہ دہی کے معاملات کو سلجھانے اور کھاتے داروں کو تحفظ فراہم کرنے کا احساس دے گا۔
ڈاکٹر المبارک نے کہا کہ آپریشن روم کے قیام کا مقصد بینکاری  میں استحکام قائم رکھنا اور کھاتے داروں کا اعتماد برقرار رکھنا ہے۔
المبارک نے کہا کہ تمام سعودی بینکوں کو ایک چھت تلے مشترکہ کارروائی کا موقع مہیا ہوگا۔ اس کی وجہ سے کارروائی تیزی کے ساتھ اور موثر ہوگی۔ مملکت کے تمام بینک دھوکہ دہی کو روکنے  اور دھوکے بازوں کو لگام لگانے کے لیے مل جل کر کام کریں گے۔
مشترکہ آپریشن روم ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے  دھوکہ  دہی کی وارداتوں کے سدباب کے لیے کھلا رہے گا۔ یہ  1300 مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔  اس میں  162 ورکنگ سٹیشن ہیں۔ پہلا مرحلہ 390 مربع میٹر کے رقبے پر تیار کرلیا گیا ہے۔ فی الوقت اس کے 52 ورکنگ سٹیشن موثر ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ان کی تعداد  110 تک پہنچ جائے گی اور رقبہ 910 مربع میٹر ہوجائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: