Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا پاکستان سے ڈالر افغانستان سمگل کیا جا رہا ہے؟

افغانستان میں ڈالر کی قیمت پاکستان سے زیادہ ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں فاریکس ٹریڈنگ سے وابستہ حلقوں کے مطابق امریکی ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ شروع ہو گئی ہے جس کے بعد ڈالر افغانستان سمگل کیا جا رہا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ کے مطابق ’قیمتوں کے فرق کی وجہ سے ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں فروخت کیے جانے کے بجائے پڑوسی ملک افغانستان سمگل کیا جا رہا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کا ریٹ 240 روپے، خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 250 روپے جب کہ افغانستان میں 255 روپے ہے۔‘
ملک میں ڈالر کی مسلسل بڑھتی قیمت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اس سے قبل ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجوہات کچھ اور تھیں لیکن اب دو روز سے بلیک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت بڑھنے اور فروخت نے انٹربینک مارکیٹ اور بلیک مارکیٹ کا فرق بڑھا دیا ہے۔‘
’اس عمل کی وجہ سے گزشتہ تین تا چار روز کے دوران ایکسچینج کمپنیوں اور بینکوں کے پاس ڈالر نہیں آ رہے اور وہ بلیک مارکیٹ میں جا رہے ہیں۔‘
جمعرات کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ انٹربینک ایکسچینج رپورٹ کے مطابق کاروباری عمل کے اختتام پر ڈالر کی قدر 239.92 روپے ریکارڈ کی گئی۔
رواں کاروباری ہفتے کے چار دنوں میں پاکستان میں ڈالر کی قدر میں تقریبا 12 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ 
گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر تقریبا ساڑھے 17 روپے بڑھی تھی۔

دو ہفتوں میں روپے کی قدر تقریبا 30 روپے گری ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

ظفرپراچہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان ڈالر بیسڈ اکانومی رکھنے والا ملک ہے، جوں جوں اس کی قیمت بڑھ رہی ہے ہمارے لیے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جن میں فوری طور پر کمی کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’جمعرات 28 جولائی کو ڈالر کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے بعد یہ ملکی معیشت کا سیاہ ترین دن ہے لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ مزید کتنے سیاہ دن آنے باقی ہیں۔‘
پاکستانی کرنسی کی مسلسل گرتی قدر کی وجہ سے اندرون ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ملک کاروباری حلقوں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔
دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر میں قائم گرین ویسٹ کنسلٹنسی کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور اقتصادیات سے وابستہ امری اکیکمک کے مطابق پاکستانی روپیہ اس وقت دنیا بھر کی کمزور ترین کرنسیوں کی فہرست میں موجود اور سب سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اپنی ایک ٹویٹ میں دنیا کی کمزور ترین کرنسیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سری لنکا کی کرنسی کی قدر 44 فیصد گرنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی روپیہ اب تک 25 فیصد قدر کھو چکا ہے۔
دریں اثنا جمعرات کو پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک دن میں ریکارڈ 10500 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سونے کی قیمت میں حالیہ اضافہ نہ صرف ایک دن میں ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے بلکہ اس کے بعد گولڈ پرائس ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق 28 جولائی کو فی تولہ سونے کی قیمت 10500 روپے بڑھ کر 162500 روپے رہی، جبکہ 24 قیراط سونے کی فی دس گرام قیمت 9003 روپے اضافے کے ساتھ 139318 روپے رہی۔

شیئر: