Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کہیں بارش، کہیں دھوپ، آج اور کل موسم کیسا رہے گا؟

اتوار کو سب سے زیادہ بارش کشمیر کے شہروں مظفر آباد میں ریکارڈ کی گئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں پیر کو بعض علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے جبکہ کچھ مقامات پر موسم مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، وسطی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کشمیر اور مشرقی پنجاب کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
منگل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس روز ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم گرم مرطوب رہے گا تاہم کشمیر، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کو سب سے زیادہ بارش کشمیر کے شہر مظفر آباد میں ریکارڈ کی گئی جو 163 سے 170 ملی میٹر تھی۔
پاکستان میں 21 جولائی کو جزوی طور پر شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ اگلے ہی روز ملک بھر تک پھیل گیا تھا، جس کے بعد سے ملک کے بیشتر شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہو رہی ہیں جبکہ آج بھی اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں مطلع ابرآلود ہے۔
ان بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں سیلاب آنے سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔  بلوچستان میں میں بارشوں اور سیلابی ریلے سے ہلاکتوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ایک ہفتہ بعد ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا تاہم آواران اور جھل مگسی سمیت کئی اضلاع کا اب تک باقی صوبے سے رابطہ منقطع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تیرہ ہزار سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ چھ شاہراہوں کا 640 کلومیٹر حصہ اور16 پل بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔ 23 ہزارمال مویشی ہلاک ہوئے۔ فصلوں اور باغات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنے اپنے اضلاع میں ہونیوالے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ اور درکار امداد سے متعلق تفصیلات جمع کرائیں۔

 

 

شیئر: