Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اے ٹی ایم صارفین کو دھوکہ دینے والے 10 غیرملکی گرفتار، پوچھ گچھ شروع

ان میں سے 6 اقامہ قانون کی خلاف ورزی کررہے تھے۔ (فوٹو سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے کہا ہے کہ اے ٹی ایم صارفین کو دھوکہ دینے والے 10 غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان میں سے 6 اقامہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے دیگر 4 اقامے پر ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ 10 افراد پر مشتمل غیرملکیوں کا گروہ اے ٹی ایم صارفین کو مختلف بہانوں سے پھنسا کر ان کے کھاتوں سے رقمیں نکال رہا تھا۔
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ گروہ کے افراد مختلف مقامات پر اے ٹی ایم کے اردگرد چکر لگاتے رہتے تھے اور ایسے بزرگ کھاتے داروں یا سادہ لوح افراد کی تاک میں لگے رہتے تھے جن کے بارے میں انہیں یقین ہوتا تھا کہ وہ اے ٹی ایم استعمال کرنے کی واقفیت نہیں رکھتے۔ وہ مدد کے بہانے ان کے قریب جاتے اور ان سے اے ٹی ایم کارڈ لیتے اور کوڈ دریافت کرتے اور پھر مطلوبہ رقم نکال کر ان کے حوالے کرتے البتہ انہیں اے ٹی ایم کارڈ دوسرا حوالے کرتے تھے۔ اسی دوران ان کا ایک اور ساتھی اے ٹی ایم سے رقم نکال کر فرار ہوجاتا۔
پبلک پراسیکیوشن نے اس قسم کی وارداتوں کی اطلاعات ملنے پر گروہ کے  خلاف کارروائی کا حکم جاری کردیا تھا۔ گروہ میں دس افراد ملوث پائے گئے۔ پوچھ گچھ کے بعد انہیں سپیشل کورٹ میں پیش کردیا جائے  گا۔
پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ انہیں عبرتناک سزائیں دینے کا مطالبہ کیا جائےگا۔ اس قسم کی حرکتوں سے بدامنی پھیل رہی ہے۔ اس قسم کے عناصر کو نشان عبرت بنایا جانا ضروری ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: