Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینک فراڈ، یومیہ بیس ہزار ریال کمانے والا گروہ گرفتار

ملزمان موبائل پر پرفریب ایس ایم ایس بھیجتے تھے (فوٹو سوشل میڈیا)
 سعودی عرب میں ریاض پولیس نے پرفریب پیغامات کے ذریعے ہم وطنوں سے رقمیں ہتھیانے والے 8 رکنی ایشیائی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری نے بتایا کہ ’پاکستانی شہری اپنے ہم وطنوں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو دھوکہ دے کر ان سے رقمیں ہتھیا رہے تھے۔‘
 ترجمان نے بتایا ’ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ موبائل پر ایس ایم ایس بھیجتے جس میں انعام نکلنے کی خوشخبری دی جاتی یا  یہ اطلاع دی جاتی کہ آپ کا بینک اکاؤنٹ بوجوہ منجمد کر دیا گیا ہے۔ اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے اپ ڈیٹ کی کارروائی کروانا ہوگی۔‘
’اس طرح وہ متعلقہ شخص کی بینک کے حوالے سے خفیہ معلومات حاصل کر لیتے اور ان کےاکاؤنٹس سے یا تو کسی اور اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کردیتے یا اے ٹی ایم سے پیسے نکال لیتے تھے۔‘

ملزمان کے قبضے سے 37 موبائل سیٹس برآمد ہوئے(فوٹو سبق)

پولیس ترجمان نے کہا کہ ’گرفتار ملزمان عمر کے تیسرے اور چوتھے عشرے میں ہیں۔ ان کے قبضے سے 37 موبائل سیٹس برآمد ہوئے ہیں جن میں ہزاروں افراد کے نمبر درج تھے۔ موبائل سے دھوکہ دہی والے پیغامات کا ریکارڈ بھی ملا ہے۔ 25 ہزار ریال اور کئی اے ٹی ایم کارڈز بھی برآمد ہوئے۔‘
’جعلسازوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ روزانہ 20 ہزار ریال اس طریقہ کار سے کما رہے تھے۔ تمام افراد کو حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔‘
التویجری کا کہنا ہے کہ اس طرح کے دھوکہ باز گروہ وقتاً فوقتاً مملکت کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیےجاتے رہتے ہیں۔ پولیس، مقامی بینک ذرائع ابلاغ کی مدد سے ان کی سرگرمیوں سےآگاہ کر کے ان کی عیارانہ چالوں سے بچنے کی تاکید بھی کرتے رہتے ہیں تاہم ہر بار کچھ نہ کچھ سادہ لوح ان کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔

شیئر: