Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں یوم آزادی پاکستان کی تقریب، مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد شرکت

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے جشن آزادی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جس میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
یوم آزادی کی تقریب میں پاکستان کے ثقافتی رنگ بھی چار سو بکھرے ہوئے نظر آئے جس سے پردیس میں دیس کا مزہ دوبالا ہوگیا۔
سعودی عرب کے شہر دمام میں منعقد ہونے والی جشن آزادی کی تقریب میں موجود پاکستانیوں نے مل کر وطن عزیز کا 75 واں جشن آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔
تقریب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
رنگا رنگ تقریب میں پاکستان کے مختلف علاقائی سٹالز نے دیارِ غیر میں ثقافتی رنگوں کو خوب اجاگر کیا جبکہ فضا قومی نغموں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر گلوکاروں نے اپنی آواز سے شرکا کو وطن کی محبت کے جذبے سے سرشار کیے رکھا جبکہ بچوں نے مختلف سٹیج ڈرامے پیش کیے۔
اوورسیز پاکستانیز کمیونٹی کے صدر جواد احمد کا کہنا تھا کہ ’منطقہ شرقیہ میں لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں جن کے لیے ہر سال آزادی کا جشن منانے کی غرض سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے جس میں مقیم لاکھوں پاکستانی ملک و قوم کی ترقی کے خواہاں ہیں اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔‘

جشن آزادی کی تقریب میں پاکستانی بچوں نے سٹیج ڈرامے پیش کیے (فوٹو: سکرین شاٹ)

سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’14 اگست ہماری تاریخ کا روشن ترین دن ہے۔ ہمیں چاہیے کہ دو قومی نظریے سمیت نظریہ پاکستان کے مقاصد کو اپنی آئندہ نسلوں تک منتقل کریں تاکہ پاکستانی قوم میں محبت اور یگانگت کو فروغ ملے اور پوری قوم مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔‘

شیئر: