Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد اور ازبک صدر کی ملاقات، 45 ارب ریال کے معاہدوں پر دستخط

جدہ پہنچنے پر ولی عہد محمد بن سلمان نے ازبک صدر کا استقبال کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کو مملکت کے دورے پر آنے والے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف کا جدہ میں استقبال کیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ازبک صدر شوکت مرزیوف کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے علاوہ مشترکہ مفاد کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق  دونوں ممالک کے درمیان 45 ارب سعودی ریال (12 ارب ڈالر) کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
ان معاہدوں میں اے سی ڈبلیو اے پاور کا ازبکستان میں ’ونڈ انرجی‘ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
 سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد ال فالح کا کہنا ہے کہ ’ہم اس رشتے کو سعودی عرب کے لیے اہم ترین تعلق میں سے ایک بنانا چاہتے ہیں۔ ہم یہاں سہولت کاری اور خدمت کے لیے موجود ہیں۔‘

ازبک صدر اور ولی عہد دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں کے حوالے سے تقریب میں شرکت بھی کی (فوٹو: ایس پی اے)

دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدوں میں فضائی سفر، زراعت، لائیو سٹاک، سپورٹس، تعلیم، سائنس، ابلاغیات، توانائی اور ٹیکنالوجی کے پروگرام شامل ہیں۔
ملاقات میں شریک دونوں اطراف کے سینیئر حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے علاوہ سعودی عرب اور ازبکستان میں شراکت داری کو آگے بڑھانا بھی ہے جبکہ اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہے۔

شیئر: