Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راہول تُو لڑ بھی سکتا ہے؟ شعیب اختر حیران رہ گئے

انڈین چینل کو انٹرویو کے دوران شعیب اختر نے بتایا کہ ’ایک میچ کے دوران انڈین بیٹر راہل ڈریوڈ بھاگتے ہوئے میرے ساتھ ٹکرا گئے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران جہاں تماشائی اور کروڑوں مداحوں کی جان سولی پر اٹکی ہوتی ہے وہیں میدان میں موجود کھلاڑی بھی غصے کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔
ایسا ہی واقعہ پاکستان کے سپر سٹار اور دنیا کے سابق تیز ترین بولر شعیب اختر نے سنایا ہے جس میں ان کی سابق انڈین بیٹر اور موجودہ کوچ ٹیم انڈیا راہل ڈریوڈ سے دوران میچ تلخ کلامی ہوگئی تھی۔
انڈین چینل سٹار سپورٹس کو انٹرویو کے دوران شعیب اختر نے کہا کہ ’ایک میچ کے دوران انڈین بیٹر راہل ڈریوڈ بھاگتے ہوئے میرے ساتھ ٹکرا گئے، جس کے بعد میں انھیں کہا کہ تم اپنی سائیڈ پر بھاگو، میں اپنی سائیڈ پر بھاگتا ہوں۔'
شعیب اختر نے کہا کہ ’اس کے بعد راہول ڈریوڈ غصہ کر گئے، جس پر میں نے کہا کہ راہل تم اتنے جارحانہ کیسے ہوگئے ہو؟ خیر تو ہے؟ مجھے معلوم ہے کہ ماحول تبدیل ہورہا ہے لیکن مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ تو بھی لڑ سکتا ہے۔‘
شعیب اختر مزید کہتے ہیں کہ ’راہول ڈریوڈ ایک مہذب آدمی ہیں، لیکن میں نے وہ سپیل بہت تیز کیا تھا، کیونکہ میں چاہتا تھا کہ میں 2003 کے ورلڈ کپ کے بعد انڈیا کے خلاف تیز بولنگ کروں تاکہ میرا ان پر سحر برقرار رہے۔‘
خیال رہے کہ یہ واقعہ 2004 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کا تھا جس میں پاکستان نے انڈیا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

شیئر: