Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی20 میچز کی سیریز، پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور میں

یہ سیریز پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کو ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل تیاری کا موقع دے گی۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ماہ کے آخر میں آسٹریلیا کے پاکستان دورۂ ٹی20 انٹرنیشنل کے شیڈول کی تصدیق کر دی ہے۔ 
پی سی بی کے مطانق تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 29، 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلی جائے گی۔
آسٹریلوی ٹی20 سکواڈ بدھ، 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا۔ تینوں میچوں میں ٹاس  پاکستانی وقت کے مطابق شام 5:30 بجے ہوگا جبکہ میچ شام 6 بجے شروع ہوگا۔
یہ سیریز آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کو گروپ اے جبکہ آسٹریلیا کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔
یہ مارچ–اپریل 2022 کے بعد آسٹریلیا کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے یہاں تین ٹیسٹ، ون ڈے سیریز اور ایک واحد ٹی20 میچ کھیلا تھا۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران بھی پاکستان میں اپنے تین میچز کھیلے تھے۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے 5 اپریل 2022 کو پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ  کے چیف آپریٹنگ آفیسر  سمیر احمد سید نے کہا ہے ’ہم لاہور میں تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کے لیے آسٹریلیا کی میزبانی پر خوش ہیں اور اس کے منتظر ہیں۔ یہ دورہ پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے سال کے شاندار آغاز کی حیثیت رکھتا ہے، اور میں شائقین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں سٹیڈیم آئیں اور دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کریں، کیونکہ یہ سیریز 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔ ‘
’مجھے یقین ہے کہ قذافی سٹیڈیم آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے لیے اب ایک مانوس مقام بن چکا ہے، کیونکہ مارچ 2022 کے بعد سے وہ یہاں ایک ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی20 میچ کھیل چکے ہیں۔ ‘

 

شیئر: