Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیرقانونی تارکین کے بچوں کو سکولوں میں داخلے کی اجازت 

وزارت تعلیم نے سکول انتظامیہ کو داخلہ فارم فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ( فائل فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ ’مملکت میں غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے بچوں کو نئے تعلیمی سال کے دوران داخلے کے مواقع دیے جائیں گے۔‘ 
عکاظ، العربیہ اورعاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ’سرکاری سکول انتظامیہ غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے بچوں کو داخلہ فارم فراہم کریں اور انہیں ہدایت کی جائے کہ وہ ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ گورنریٹ سے رجوع کریں۔ گورنریٹ سے منظوری کے بعد فارم سکول میں جمع کرایا جائے۔
وزارت تعلیم نے مملکت کے تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ ’ہر تعلیمی زون میں داخلہ لینے والے طلبہ کے اعدادوشمار ماہانہ بنیاد پر فراہم کیے جائیں۔‘ 
سعودی ذرائع ابلاغ میں شائع رپوٹوں میں کہا گیا ہے کہ ’غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے بچوں کو سکولوں میں داخلہ دینے کے لیے داخلہ فارم کے ضوابط مقرر ہیں۔ فارم میں طالب علم اور اس کے والدین کے کوائف درج کرنا ہوں گے۔ پاسپورٹ یا اقامہ یا وزٹ ویزا یا بیانیے کے مطابق معلومات درج کی جائیں گی۔‘
’مستقل رہائش کا پتہ، رابطے کے لیے مطلوبہ معلومات بھی درج کرنا ہوں گی۔ علاوہ ازیں بچے کے سرپرست کو یہ اقرار نامہ بھی جمع کرانا ہوگا کہ اس کے پاس قانونی اقامہ نہیں ہے اور وہ تعلیمی سال کے دوران اپنے قیام کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے ضروری شناختی دستاویزات حاصل کرلے گا۔‘ 

شیئر: