Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازانی فرنیچر ’القعادہ‘ کی تیاری میں خواتین کا کردار بھی اہم تھا

ماضی میں بڑے سائز کی القعادہ اہم تقریبات کے لیے مخصوص ہوا کرتی تھی (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کے پرانے گھروں میں استعمال ہونے والا روایتی فرنیچر مقامی ہنرمندوں کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ فرنیچر کی تیاری میں صدیوں پرانی دستکاری آج بھی نمایاں ہوتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جازان کے روایتی گھریلو فرنیچر میں سب سے نمایاں ’القعادہ‘ شامل ہے جو قدیم طرز کی مخصوص کرسی ہے۔
ماضی میں مقامی باشندے بڑے سائز کی القعادہ کو گھروں کے مرکزی حصے میں رکھتے تھے اور اسے خصوصی تقریبات و مواقع پر استعمال کیا جاتا تھا جبکہ چھوٹے سائز کی کرسیاں روز مرہ کی محفلوں کے لیے مخصوص ہوا کرتی تھیں۔
القعادہ کی تیاری کے مراحل میں سب سے پہلے بڑی نشست کے لیے لکڑی کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
اس مقصد کے لیے مقامی طور پر دستیاب مختلف اقسام کی لکڑی استعمال کی جاتی ہے جن میں ’سدر‘ کی لکڑی سرفہرست ہوتی ہے۔
ماہر کاریگر اس لکڑی کے تختے کو دو میٹر لمبا اور ایک میٹر چوڑا مستطیل فریم کی صورت میں کاٹتے ہیں، بعدازاں کرسی کے پائے تیار کیے جاتے ہیں جنہیں عربی میں ’الرکب‘ کہا جاتا ہے۔
ہر پائے کی اونچائی 75 سینٹی میٹر کے قریب ہوتی ہے۔ کاریگر لمبی اور چھوٹی لکڑیوں کے کناروں کو تراش کر ہموار اور قدرے خم دار بناتے ہیں تاکہ استعمال کے دوران لکڑیوں کے درمیان رگڑ کم ہو اور وہ زیادہ عرصے تک محفوظ رہیں۔
بعدازاں لکڑیوں کے سروں کو اس انداز میں تراشا جاتا ہے کہ وہ چاروں پایوں کے اوپری حصوں میں بنائے گئے کھانچوں میں فٹ ہو جائیں۔ تمام حصوں کو مضبوطی سے جوڑنے کے بعد لکڑی کا بنیادی ڈھانچہ تیار ہو جاتا ہے جس پر نشست کے لیے بنائی کا کام شروع ہوتا ہے۔

لکڑی کا فریم یا ڈھانچہ مکمل ہونے کے بعد رسیوں کی بنائی کرنے والا کاریگر جسے عربی میں ’المحبل‘ کہا جاتا ہے کے کام کا آغاز ہوتا ہے۔
رنگ دار رسیوں سے بنائی کے اس مرحلے کو ’التحبیل‘ کہا جاتا ہے۔ اس کے لیے دوم کے درخت کے پتوں سے تیار کی جانے والی مخصوص رسیوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔
کاریگر ان رسیوں کو لکڑی کے فریم پر خاص ترتیب سے پھیلاتا ہے اور انہیں بننا شروع کرتا ہے۔ اس دوران رسیوں کے درمیان فاصلے اور ان کے کھنچاؤ کا خاص خیال رکھا جاتا ہے تاکہ نشست کی سطح مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی مخصوص لچک کو بھی برقرار رکھے۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ القعادہ کی تیاری میں خواتین کا کردار بھی اہم ہوتا تھا۔
خواتین ’دوم‘ درخت کے پتوں سے بنی ہوئی چٹائی کو نشست کی سطح پر مضبوطی سے نصب کرتی تھیں جس سے رسیاں جلد خراب ہونے سے محفوظ رہتی ہیں اور نشست کی ظاہری خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
القعادہ مختلف سائز اور مقاصد کے لیے تیار کی جاتی ہے۔ اس کی روایتی اقسام میں ’الغزالی‘ اور نسبتا چھوٹے سائز کی ’الشبری‘ شامل ہیں۔
خیال رہے سعودی ہیریٹیج اتھارٹی نے جازانی فنِ دستکاری کے اس شاہکار کو ’جداریہ حرفہ القعاید ‘ کے عنوان سے 14 دسمبر 2025 کو نیوریارک کے انٹرنیشنل ڈیزائن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جسے ’سلور ایوارڈ‘ دیا گیا تھا

 

شیئر: