Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشپا کپ: انڈیا پِھر فیورٹ، پاکستان کو کتنا ٹف ٹائم دے سکتا ہے؟

انڈیا سات بار ایشیا کپ جیت چکا ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)
ایشیا کپ کی سب سے کامیاب ٹیم انڈیا اس سال بھی اس کو ایونٹ کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
انڈین کرکٹ ٹیم جہاں دنیا کی سب مشہور کرکٹ ٹیم ہے وہیں اس ٹیم کا شمار سب سے کامیاب ٹیموں میں بھی ہوتا ہے۔
یہ دو مرتبہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، ایک  مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور دو مرتبہ آئی سی چیمپیئنز ٹرافی جیت چکی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ براعظم ایشیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ایشیا کپ بھی سات بار اپنے نام کر چکی  ہے۔
 انڈین کرکٹ ٹیم نے سنہ 1984، 1988، 1990، 1995، 2010، 2016، 2018 میں ٹائٹل جیتے۔
ایک اور اہم اور دلچسپ ریکارڈ یہ بھی ہے کہ انڈیا نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے تمام ایشیا کپ جیتے ہیں۔
ایشیا کپ کے حوالے سے انڈین ٹیم کی تاریخ کافی دلچسپ ہے۔ 1984 میں پہلا ایشیا کپ جیتنے کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم نے سنہ 1986 کا ایشیا کپ نہیں کھیلا تھا۔
اس وقت اس کے سری لنکا کے ساتھ سفارتی تعلقات کشدگی کا شکار تھے اور اسی وجہ سے اس نے ایونٹ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔
اس کے چار سال بعد 1990 میں انڈیا میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان نے شرکت نہیں کی تھی اور اس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی خرابی تھی۔
دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔
انڈین ٹیم ٹی 20 طرز کا ایشیا کپ جیتنے والی پہلی ٹیم ہے۔ اس نے 2016 میں بنگلہ دیش کو اسی کی سرزمین پر ہونے والے پہلے ٹی 20 ایشیا کپ میں شکست دی تھی۔
 

ٹی 20 ایشیا کپ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے کا اعزاز انڈین کپتان روہت شرما کے پاس ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)

انڈین ٹیم کے موجودہ کپتان روہت شرما بطور کپتان ایک مرتبہ ایشیا کپ جیت چکے ہیں۔ 2018 میں ہونے والے ایشیا کپ کے کپتان روہت شرما تھے جنھیں ایونٹ سے پہلے وراٹ کوہلی کی جگہ عارضی طور پر پر کپتان بنایا گیا تھا۔
ایشیا کپ میں کسی بھی میچ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور کرنے کا ریکارڈ انڈیا کے وراٹ کوہلی کے پاس ہے انہوں نے 2012 کے ایشیا کپ میں میرپور ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے خلاف 183 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔
انڈیا کی جانب سے ایشیا کپ میں سب سے زیادہ سکور کرنے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے انہوں 23 میچز میں دو سینچریوں کے مدد سے 971 رنز بنا رکھے ہیں۔
 

سچن ٹنڈولکر نے اشیا کپ کے 23 میچز میں 971 رنز بنا رکھے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اگر بولرز کی فہرست دیکھی جائے تو انڈیا کی جانب سے رویندرا جڈیجہ نے سب سے زیادہ وکٹیں لی ہیں، جن کی تعدد 22 ہے۔
 

2022 کا ایشیا کپ اور انڈیا کے اہم کھلاڑی

  جاری ایشیا کپ کے لیے انڈٰین کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ میں سب سے زیادہ انحصار روہت شرما، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادَو اور رشبھ پنت پر ہو گا جبکہ بولنگ میں انڈین ٹیم روی چندرن اَشوِن، بھونیشور کمار اور رویندرا جڈیجہ پر انحصار کرے گی۔
کس کس سے سامنا ہو گا؟
انڈین کرکٹ ٹیم ایشیا کپ میں اپنے سفر کا آج سے روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ سے کر رہی ہے جبکہ اس کا دوسرا میچ 31 اگست کو دبئی میں ہانگ کانگ سے ہو گا۔
ایشیا کپ کے حوالے سے ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اس کے فائنل میں ابھی تک پاکستان اور انڈیا کا سامنا نہیں ہوا۔ اس بار امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ روایتی حریف فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں۔

شیئر: