Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ کی تجدید کے لیے عائد فیملی فیس معاف ہوسکتی ہے؟

اقامے کی تجدید کے لیے سہ ماہی فیس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی عرب میں غیر ملکی کارکنوں کے اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کےلیے ماہانہ فیس عائد کی جاتی ہے۔ فیس کی ادائیگی کے بغیر کارکن اور ان کے اہل خانہ کے اقامے تجدید نہیں کیے جاسکتے۔ 
گزشتہ برس سے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے تارکین کے اقاموں کی تجدید کے لیے سہ ماہی  فیس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد لوگوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جبکہ ماضی میں تجدید کےلیے سالانہ بنیاد پرفیس ادا کرنا ضروری ہوتی تھی۔ 
اس حوالے سے ایک شخص نےجوازات کے ٹوئٹرپردریافت کیا ہے کہ بیوہ خاتون کے اقامہ کی تجدید کےلیےعائد ماہانہ فیس لازمی طور پرادا کرنا ہوگی یا معاف ہوسکتی ہے؟  
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ قوانین کے مطابق سعودی عرب میں2017 سے جو قانون نافذ کیا گیا ہے اس کے تحت مملکت میں رہنے والے ہرغیر ملکی کواپنی زیر کفالت اہل خانہ کے اقامے کی تجدید کےلیے ماہانہ بنیاد پر ایک برس کی فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔‘  
یاد رہے فیس کا قانون2017 میں جب جاری ہوا تھا اس وقت فی اہل خانہ سو ریال ماہانہ کے حساب سے وصول کی گئی تھی۔ فیس 12 ماہ کی یکمشت وصول کی جاتی تھی۔  
دوسرے برس 2018 میں فیس 200 ریال ماہانہ کے حساب سے وصول کی گئی جبکہ تیسرے برس اس میں 100 ریال اضافہ کے ساتھ 300 ریال ماہانہ کردی گئی ۔  
فیس قانون کے چوتھے برس 2020 میں ماہانہ فیس 400 ریال کے حساب سے وصول کی گئی جس کا سلسلہ جاری ہے۔  
قانون کے مطابق وہ غیر ملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کہ ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں وہ اپنے اہل خانہ جن میں اہلیہ، بچے شامل ہیں پرعائد فیس جمع کرانے کے بعد ہی اپنا اقامہ تجدید کراسکتے ہیں۔ اگر اہل خانہ پرعائد فیس ادا نہیں کرائی جائے تو کارکن کا اقامہ بھی تجدید نہیں ہوسکتا۔  

سہ ماہی اقامہ تجدید سے ان افراد کو سہولت ہوتی ہے جو اپنےاہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں(فوٹو ایس پی اے)

خیال رہے فیس کسی صورت میں معاف نہیں ہوتی اسے ادا کرنا ضروری ہے تاہم گزشتہ برس سے حکومت نےغیر ملکی کارکنوں کے اقاموں کی تجدید سالانہ کے بجائے سہ ماہی کی سہولت بھی دی ہے جس کا مقصد لوگوں کو اس بات کی رعایت دینا ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق تین ماہ کی فیس ادا کرنے کے بعد تین ماہ کےلیے اقامہ تجدید کراسکتے ہیں۔  
سہ ماہی اقامہ تجدید سے ان افراد کو سہولت ہوتی ہے جو اپنےاہل خانہ کے ہمراہ مقیم ہیں۔ بعض لوگ اپنے اہل خانہ کو بعض مجبوری کی بنیاد پرمحدود وقت کےلیے مملکت میں رکھنے کے پابند ہوتے ہیں اس لیے اگر وہ یکمشت 12 ماہ کی فیس جمع کرائیں اور بعدازاں 6 ماہ بعد وہ اہلیہ اور بچوں کو فائنل ایگزٹ پربھیجتے ہیں اس صورت میں ان کی جمع کردہ فیس ناقابل واپسی ہوتی ہے۔   
اقامہ کی سہ ماہی تجدید سے ان لوگوں کو سہولت ہوگی جو چند ماہ بعد اپنےاہل خانہ کو فائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی پربھیجنا چاہتے ہیں اس طرح انہیں اضافی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی وہ صرف تین یا چھ ماہ کی فیس ادا کرکے اقامہ تجدید کراسکتے ہیں۔

شیئر: