لاہور میں سموگ کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی منتقل
پاکستان نے کھانے کے وقفے کے بعد اپنی پہلی اننگز 434 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق لاہور میں سموگ اور دھند کی بڑھتی ہوئی سطح کے باعث میچ کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق دوسرا ٹیسٹ میچ 17 سے 21 نومبر تک لاہور میں کھیلا جانا تھا تاہم اب یہ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے شروع ہوگا اور 21 نومبر تک جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ٹیسٹ سیریز جاری ہے جس کا پہلا میچ راولپنڈی میں جا ری ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے ہیں۔ کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کی تو پاکستانی بولرز نے بہترین آغاز کیا اور صرف 12 رنز پر سری لنکا کی دو وکٹیں حاصل کرلیں۔
پاسندو سوریا بندارا صفر اور دنیش چندیمل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لاہیرو یوڈارا نے کچھ مزاحمت کی تاہم 65 کے مجموعی اسکور پر 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستان نے کھانے کے وقفے کے بعد اپنی پہلی اننگز 434 رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔
