Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: نائب گورنر نے حوثیوں کے حملے میں متاثر ہونے والی آرامکو کی انتظامی عمارت کا معائنہ کیا

نائب گورنر نے حوثی حملے میں ہونے والے محدود نقصان کا جائزہ لیا ( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے پیر کو دارالحکومت میں سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کا دورہ کیا تاکہ سول انفرا سٹرکچر پر حوثی حملے میں ہونے والے محدود نقصان کا جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حوثی اب بھی سول انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے سول، ملٹری اور سکیورٹی کے شعبوں میں کام کرنے والے تمام افراد کی کوششوں کو سراہا۔
نائب گورنر ریاض کو سعودی آرامکو اور متعلقہ حکام کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے آرامکو کے ملازمین کے کام کو آسان بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جانے کی ہدایت کی۔
یاد رہے سعودی وزارتِ توانائی کے ایک عہدیدار نے اتوار کو بتایا تھا کہ ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم گرنے والے ملبے کے باعث عمارت کو معمولی نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

عہدیدار کے مطابق ’ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جس کے نتیجے میں ملبے کے کچھ ٹکڑے عمارت پر گرے اور اسے محدود نقصان پہنچا، تاہم کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔‘
وزارت کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام نے واقعے سے نمٹنے اور ضروری اقدامات کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

 

شیئر: