Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے ریاض میں شاہ بحرین کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر بات کی گئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعاون، حالیہ علاقائی صورتحال کے علاوہ خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور بحرین کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا، مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر بات کی۔
 شاہ بحرین نے  سعودی عرب کی سپورٹ اور تعلقات مستحکم کرنے کے حوالے سے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے خلیجی تعاون کو آگے بڑھانے، خطے کی سلامتی، امن اور استحکام کو مستحکم کرنے کے لیے سعودی قیادت کے کردار کو بھی سراہا۔
سعودی ولی عہد نے بحرین کے ساتھ  قریبی تعلقات کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کیا۔ بحرین اور اس کے عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش ظاہر کی۔
اس موقع پر گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن شہزادہ  ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف اور دیگر شاہی شخصیات موجود تھیں۔
قبل ازیں بحرین کے فرما نروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ سرکاری دورے پر منگل کو ریاض پہنچے تو سعودی ولی عہد شہزادہ نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا۔

 

شیئر: