Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ایکسپائر ہے، فیملی فیس اد کیے بغیر خروج نہائی پر جا سکتے ہیں؟

رواں برس اقامہ کی تجدید کے لیے سہہ ماہی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: کے ایس ایکسپیٹس)
سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کو اپ ڈیٹ رکھیں۔ قانون کے مطابق اقامہ ایکسپائرہونے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
اگر اقامہ کی تجدید میں دوسرے برس بھی تاخیر ہوتی ہے تو اس صورت میں جرمانہ ایک ہزار ریال عائد کیا جاتا ہے جبکہ تیسری بار تاخیر پر قانون کے مطابق اقامہ ہولڈرکو ڈی پورٹ کر دیا جاتا ہے۔
اقامہ اور ہروب کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ سپانسر نے ہروب فائل کر دیا ہے جبکہ پاسپورٹ اور اقامہ بھی اس کے پاس ہے، نہ وہ فائنل ایگزٹ لگاتا ہے اور نہ اقامہ دیتا ہے میں واپس جانا چاہتا ہوں کیا کروں؟
جوازات کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ کیس میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے ذیلی ادارے سے رجوع کریں اور کیس کی تفصیل لکھ کر درخواست دیں تاکہ وہ معاملے کا مناسب حل نکالیں۔‘
واضح رہے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے تحت لیبر کورٹس قائم ہیں جہاں آجر و اجیر کے مابین تنازعات کوحل کیا جاتا ہے۔ اس مد میں وزارت افرادی قوت کے ذیلی لیبر کورٹس میں درخواست دائر کرنے سے قبل اس امر کا جائزہ لیا جائے کہ ہروب فائل کیے جانے کی وجوہ کیا تھیں۔
عدالت میں ہروب کو چیلنچ کرنے کے لیے ٹھوس اور واضح ثبوت کا ہونا ضروری ہے جس میں یہ ثابت کیا جا سکے کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے۔
اگر عدالت میں یہ ثابت ہوجائے کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے تو اس صورت میں عدالت ہروب کو کینسل کرنے کا حکم دیتی ہے جس کے بعد اقامہ تجدید کرانے کے بعد خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے۔

عدالت میں ہروب کو چیلنچ کرنے کے لیے ٹھوس اور واضح ثبوت کا ہونا ضروری ہے۔ (فائل فوٹو: اے پی)

ایک اور شخص نے دریافت کیا کہ اقامہ ختم ہوئے 80 دن گزر چکے ہیں، خروج نہائی جانا چاہتا ہوں مگر اہل خانہ پر عائد فیس ادا نہیں کی کیا کروں؟
جوازات کا کہنا تھا کہ ’خروج نہائی ویزے کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کارآمد ہو اوراس کی مدت میں کم ازکم 60 دن باقی ہوں۔‘
’اقامہ تجدید کرانے کے بعد خروج نہائی فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے۔ جہاں تک اہل خانہ کی فیس جسے عربی میں ’رسوم المرافقین کہا جاتا ہے کہ حوالے سے دریافت کیا گیا ہے تویہ ادا کرنا ضروری ہے۔‘
جوازات کے مطابق فیملی فیس یا ’رسوم المرفقین‘ امسال 400 ریال ماہانہ کے حساب سے عائد کی جاتی ہے۔ ہر ایک فرد کے لیے ماہانہ 400 ریال ادا کریں اور جتنی مدت کی تاخیر ہوئی ہے اسے ادا کرنے کے بعد اقامہ تجدید کرایا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس اقامہ کی تجدید کے لیے سہہ ماہی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت مذکورہ مدت کے لیے اقامہ فیس اور فیملی فیس ادا کرنے کے بعد اس کی تجدید کرائی جا سکتی ہے۔

شیئر: