سعودی عرب: 18 سال سے کم عمر افراد کو تمباکو مصنوعات کی فروخت ممنوع، 5 ہزار ریال تک جرمانہ
وزارت نے خبردار کیا کہ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانے دگنا ہوں گے( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت بلدیات و ہاؤسنگ نے زور دیا ہے کہ 18 برس سے کم عمر کے افراد کو تمباکو مصنوعات فروخت کرنا یا فراہم کرنا ممنوع ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی سنگیں قانون شکنی ہوگی جس پر 5 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
ضوابط کے مطابق خلاف ورزی پر دکان کو بند بھی کیا جا سکتا ہے جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانے دگنا ہوں گے۔
وزارت نے تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایسے نوجوان جن کی عمر کے بارے میں انہیں کسی قسم کا شک ہو کہ ان سے شناختی دستاویز طلب کریں۔
وزارت نے ایسے مراکز جہاں تمباکو (شیشہ وغیرہ) کے علاوہ اشیائے خورونوش ایک ہی مقام پر فروخت کی جاتی ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ تمباکو نوش افراد کے لیے ایسے مقامات مخصوص کریں جہاں سے تمباکو کا دھواں نان سموکنگ ایریا میں بیٹھے افراد کو متاثر نہ کرے۔
تمباکو نوشی کے مقام پر تازہ ہوا کی آمد و رفت کو مناسب رکھنے کے لیے ایگزاسٹ کا انتظام کیا جائے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ تمباکو نوشی کے مقام پر نصب ایئرکنڈیشنگ کی ڈکٹ جدا ہوا جس کا ہال یا مرکز کے دوسرے مقام سے کسی قسم کا لنک نہ ہو تاکہ تمباکو کا دھواں دوسرے مقام پر نہ جائے۔
نئے ضوابط کے تحت ایک ایک سگریٹ فروخت کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ اس کے علاوہ تمباکو کمپنیوں کو تشہری تحائف اور انعامات کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے ضوابط کی تعمیل کے ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملازمین قوانین اور جرمانے سے آگاہی رکھتے ہوں اور وہ خلاف ورزیوں کو روک سکیں۔
