مادیت پرست معاشرے میں بچوں کی فکری تربیت کرنا ہوگی، مولانا سعید یوسف
ریاض (ذکاءاللہ محسن)ہمیں اپنی نسلوں کی فکری تربیت کرنا ہوگی تاکہ وہ فکر معاش کے ساتھ ساتھ دین کا کام بھی کرسکیں اور انہیں دنیا میں بھیجے جانے کا مقصد معلوم ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا ہم مادیت پرست معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ہم اپنے مقصد سے پیچھے ہٹ چکے ہیں۔ ہم بھول چکے ہیں کہ اللہ تعالی نے ہمیں کس مقصد کے لئے پیدا کیا ہے۔ ہمارے ہاں تعلیم کو رزق حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھ لیا گیا ہے۔ ہماری موجودہ نسلیں فکری بے راہ روی کا شکار ہو چکی ہیں۔ علماء کرام سمیت طبقے کے تمام افراد کا فرض بنتا ہے کہ سب ملکر نوجوانوں میں فکری اور تعمیری سوچ کو بیدار کریں ۔ جمعیت علماء اسلام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جمعیت گزشتہ چالیس سال سے عملی سیاست میں ہے اب تک دو بار صوبائی سطح پر حکومت بھی بنا چکی ہے، اب بھی جمعیت کے 46 افراد صوبائی اسمبلی ،نیشنل اسمبلی اور سینٹ کے اندر موجود ہیں،ہماری جماعت کرپشن کے خلاف عملی طور پر برسرپیکار ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مشرف دور میں آٹھ ہزار اسی افراد نے این آر او کے ذریعے فاہدہ اٹھایا مگر ان سب افراد میں جمعیت کا نا تو کوئی عہدیدار شامل تھا اور نا کوئی کارکن، اسی تناسب سے پانچ ہزار سے زائد ایسے سیاستدان اور کاروباری شخصیات ہیں جھنوں نے بنکوں سے اربوں روپے کے قرضے معاف کروانے مگر اس میں جمعیت کا کوئی شخص شامل نہیں تھا،انتہا پسندی اور دہشت گردی میں بھی جمعیت کا کبھی نام نہیں آیا، جمعیت علماء اسلام آہستہ آہستہ اپنی منزل کی جانب گامزن ہے اور آئندہ انتخابات میں ہمارے امیدوار حیرت انگیز نتائج سامنے لایں گے،گزشتہ ماہ پاکستان میں ہونے والے صد سالہ اجتماع کے حوالے سے مولانا سعید یوسف کا کہنا تھا کہ وہ امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ کے شکر گزار ہیں جھنوں نے خصوصی طور پر صدر سالہ اجتماع میں شرکت کی، جو اس بات کی دلیل ہے کہ امام کعبہ پاکستانی عوام اور علماء پر پورا بھروسہ رکھتے ہیں اور پاکستانی عوام، حکومت اور فوج کی جانب سے انہیں یہ یقین دلایا گیا ہے کہ اگر کبھی سعودی عرب کی جانب کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا اور جارحیت کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا،جمعیت علماء اسلام ریاض ریجن کے صدر مولانا ہمایوں محسود نے اپنے خطاب میں کہا کہ علماء دیو بند نے ہمیشہ دین اسلام کی سربلندی کے لئے کام کیا ہے،سعودی عرب میں ہمارے علماے کرام پاکستانی کمیونٹی کو دینی تعلیمات سے ہمکنار کر رہے ہیں انھوں نے ریاض میں موجود تمام سیاسی، ادبی، سماجی تنظیموں کی تعریف کرتے ہوے کہا کہ سبھی ایک پھولوں کے گلدستے کی مانند رہتے ہیں، نظامت کے فرائض مولانا اسد اللہ نے انجام دئیے، تلاوت کلام پاک قاری عبدالوہاب نے کی جبکہ نعت رسول مقبول حافظ عرفان کھٹانہ نے پڑھی، مولانا محمد شاہد نے خطبہ استقبالیہ ادا کیا، جبکہ مولانا عزیزالرحمن نے دعا فرمائی،تقریب میں پیپلز پارٹی کے وسیم ساجد، پیپلز پارٹی ایڈ ہاک کمیٹی کے ریاض راٹھور اور عبدالکریم خان نے شرکت کی، مسلم لیگ کی جانب سے خالد اکرم رانا اور ڈاکٹر سعید وینس شامل تھے جبکہ کشمیر کشمیر اوورسیز فورم کے سنئیر وائس چیرمین سردار سلیم کی قیادت میں وفد نے بھی مولانا سعید یوسف سے ملاقات کی،