Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ میں نوجوان خطاطوں کی رہنمائی کے لیے ’عرش الحرف‘ فورم

فورم میں شریک نوجوان خطاط، شیخ عثمان طہ سے رہنمائی لے رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
 الباحہ ریجن کی کمشنری القری میں پانچ روزہ خطاطی فورم کا آغاز ہو گیا۔ فورم کا عنوان ’عرش الحرف‘ رکھا گیا ہے۔ اندرون و بیرون مملکت سے 68 ماہر خطاط فورم میں شرکت کر رہےہیں۔
ایس پی اے کے مطابق فوم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر منصور مدیس نے بتایا کہ فورم میں شرکت کرنے والے خطاط اپنا فن عالمی مہمان خطاطوں کے سامنے پیش کر رہے ہیں تاکہ ان کا جائزہ لیں اور فنی آراء و رہنمائی حاصل کریں۔
ان کے مطابق فورم عربی خطاطی کے اصول، جمالیات اور فنی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کا بہترین موقع ہے، جس سے خطاطوں کی مہارت، کارکردگی اور تجربات میں اضافہ ہوتا ہے۔
ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ماہر خطاطوں اور نئی نسل کے درمیان براہ راست ملاقاتیں فورم کا بنیادی مقصد ہے، جس سے نئے خطاطوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

  فورم میں اندرون و بیرون مملکت سے 68 خطاط شرکت کررہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

فورم کے مہمان خصوصی اور قرآن کریم کے معروف خطاط ’شیخ عثمان طہ‘ نے فورم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’فورم خطاطوں کے درمیان تجربات اور آراء کے تبادلے کا اہم ذریعہ ہے، جو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور عربی خطاطی کو نسلِ نو تک منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔‘
اس موقع پر شریک خطاطوں نے اپنی خطاطی کے نمونے بھی شیخ عثمان طہ کے سامنے پیش کیے۔ انہوں نے خطاطی کے نمونوں کا جائزہ لیتے ہوئے فنی نکات کی نشاندہی کی اور عربی خطاطی کے اصولوں اور جمالیاتی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا۔
خیال رہے الباحہ ریجن میں 52 سے زائد خطاط موجود ہیں، جبکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی اس فن سے منسلک ہے۔ یہ فنکار تربیتی کورسز، مختلف ثقافتی پروگراموں اور علاقائی تقریبات میں حصہ لیتے ہیں۔

 

شیئر: