Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پہلے لوکل کنٹینٹ فورم کا انعقاد

فورم میں 45 سے زیادہ بڑی کمپنیاں،نجی شعبے کے ادارے شرکت کریں گے( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں لوکل کنٹینٹ اینڈ گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی 5 اور 6 ستمبرکو پہلے لوکل کنٹینٹ فورم کا انعقاد کرے گی جس میں 45 سے زیادہ بڑی قومی کمپنیاں،نجی شعبے کے ادارے اور سرکاری ایجنسیاں شرکت کریں گی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ فورم ریاض میں منعقد ہو گا جس میں مقامی مواد تیار کرنے، عوامی اور نجی شعبوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا جو مقامی شعبوں میں مقامی مواد کو فروغ دیں گے۔
لوکل کنٹینٹ اینڈ گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عبدالرحمن بن عبداللہ السماری نے کہا کہ یہ فورم اتھارٹی کے سٹریٹجک انیشیٹو میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے جس کا مقصد بیداری بڑھانے، تجربات کے تبادلے، شراکت داری اورسرمایہ کاری کے مواقع کو فعال کرکے مقامی صلاحیتوں کو بااختیار بنانے کا پلیٹ فارم بنانا ہے۔
یہ فورم مقامی مواد کے تصور اور سرکاری اور نجی شعبوں میں کامیابی کی کہانیوں کو اجاگر کرنے میں اپنا حصہ ڈالے گا۔
عبدالرحمن بن عبداللہ السماری نے کہا کہ یہ فورم قومی معیشت کی ترقی کے لیے مقامی صلاحیتوں کو بڑھانے میں کلیدی شراکت دار کے طور پر مقامی مواد کے اثرات اور اپنی ثقافت کے پھیلاؤ کو مستحکم کرنے میں مدد کرے گا۔
یہ مقامی مواد تیار کرنے کے مواقع، جدید ترین طریقوں اور صنعتوں کو مقامی بنانے، علم کی منتقلی، بڑی، چھوٹی اور درمیانی کمپنیوں کے درمیان تجربات کے تبادلے میں استعمال ہونے والے طریقوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کرے گا۔
فورم کے پروگرام میں سات ڈائیلاگ سیشنز شامل ہوں گے جس میں معروف قومی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز کا ایک گروپ شرکت کرے گا۔
ڈائیلاگ سیشنز میں قومی معیشت پر مقامی مواد کے اثرات، مقامی مواد تیار کرنے میں حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ کامیاب تجربات پر بھی بات کی جائے گی۔
اس کے علاوہ یہ فورم سعودائزیشن کے مستقبل، اہم ترین شعبوں اور سپلائی چین کی مضبوطی کو بڑھانے کے لیے مقامی مواد کے لیے امید افزا مواقع پر بات کرے گا۔
فورم میں ایک نمائش بھی شامل ہو گی جس میں سرکاری ادارے اور قومی کمپنیاں شرکت کریں گی۔

شیئر: