Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں پائلٹ کی طیارہ آبادی پر گرانے کی دھمکی، شہر خالی

پولیس کے مطابق شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وال مارٹ کی جانب جانے سے گریز کریں۔ (فوٹو: نیویارک ٹائمز)
امریکی حکام کے مطابق مسسیسیپی کے شہر ٹوپیلو پر کئی گھنٹے پرواز کے بعد چوری شدہ طیارے کو اتار لیا گیا اور پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹوپیلو میں 29 برس کے پائلٹ نے طیارے کو وال مارٹ پر گرانے کی دھمکی دی تھی۔
 پائلٹ نے طیارے کو چوری کیا تھا اور شہر کے اوپر چکر لگا رہا تھا۔
ٹوپیلو کی پولیس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پائلٹ نے شہر کے ایمرجنسی نمبر 911 پر رابطہ کیا اور طیارے کو وال مارٹ پر گرانے کی دھمکی دی۔
دھمکی ملنے کے بعد پولیس نے وال مارٹ اور اس کے اردگرد کے علاقوں کو خالی کر لیا تھا۔
پولیس اہلکار پائلٹ کے ساتھ رابطے میں تھے۔ پائلٹ کی شناخت کے بارے میں عوامی سطح پر کچھ نہیں کہا گیا۔
پولیس نے شہریوں سے کہا تھا کہ وال مارٹ کی جانب جانے سے گریز کریں۔
مقامی اور وفاقی حکام اس ’خطرناک صورتحال‘ کا جائزہ لے رہے تھے۔
ٹوپیلو میں تمام ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کیا گیا تھا۔
پائلٹ ٹوپیلو ریجنل ایئرپورٹ کا ملازم تھا۔ اس طیارے میں نو نشستیں اور دو انجن ہیں اور کئی گھنٹوں تک پرواز کر سکتا ہے۔

شیئر: