بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ایک نوجوان کے قتل اور پھر دو مبینہ حملہ آوروں کی ہلاکت کے چند گھنٹے بعد مسلح افراد قبرستان سے مقتول نوجوان کی میت چھین کر اپنے ساتھ لے گئے۔
یہ واقعات منگل کو نوشکی میں پیش آئے جہاں گوشت مارکیٹ میں ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کا واقعہ پیش آیا۔
نوشکی پولیس کے مطابق اِس کے بعد مقامی افراد نے قتل میں ملوث ہونے کے شبہے میں دو مبینہ حملہ آوروں کو حراست میں لیا جنہیں بعد میں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
مزید پڑھیں
ایک عینی شاہد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اُردو نیوز کو بتایا کہ ’منگل کی دوپہر گوشت مارکیٹ میں دو نقاب پوش مسلح افراد داخل ہوئے اور پرندوں کی ایک دکان میں بیٹھے جہانزیب بڑیچ کی جانب بڑھے۔ اِنہیں دیکھ کر جہانزیب نے بھاگنے کی کوشش کی، تاہم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔‘
عینی شاہد کے مطابق دونوں حملہ آور فرار ہونے لگے تو وہاں موجود افراد نے انہیں ڈاکو سمجھ کر پکڑ لیا اور اِن پر تشدد کیا۔ اِس دوران مقتول کے رشتے دار بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے دونوں مبینہ قاتلوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔
نوشکی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ’ابتدائی طور پر یہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کا واقعہ معلوم ہو رہا تھا، تاہم بعد میں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یہ پرانی رنجش یا ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہو سکتا ہے اور پولیس اِس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔‘
بلوچستان حکومت کے محکمۂ داخلہ کے میڈیا معاون بابر یوسفزئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے جہانزیب کے قتل کو کالعدم تنظیم سے منسوب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں نے مقامی شہری جہانزیب ولد محمد نعیم کی ٹارگٹ کلنگ کی۔ اُن کا تعلق نوشکی کے علاقے غریب آباد سے تھا۔‘

بابر یوسفزئی کے مطابق واقعے کے بعد مبینہ ٹارگٹ کلرز نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم مقامی افراد نے انہیں پکڑ لیا اور بعد ازاں مقتول جہانزیب کے بھائی نے دونوں مبینہ دہشت گردوں کو قتل کر دیا۔
حکومتی ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نوشکی کے علاقے کلی جمالدینی کے رہائشی الطاف اور کلی غریب آباد کے رہائشی زبیر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ انڈین سرپرستی میں سرگرم ’فتنہ الہندوستان‘ کی مبینہ کارروائیوں کے خلاف مقامی افراد میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور علاقے میں اُن کے خلاف شدید ردِعمل ظاہر کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
واقعے کی کئی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جن میں دونوں مبینہ حملہ آور زخمی حالت میں گوشت مارکیٹ میں ایک بند دکان کے باہر دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں ہجوم میں شامل ایک شخص انہیں لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بناتا نظر آتا ہے جبکہ ایک دوسرے شخص کے ہاتھ میں بڑی چُھری دکھائی دیتی ہے۔بعد میں تشدد کرنے والے افراد انہیں پکڑ کر آگے لے جاتے ہیں۔
ایک دوسری ویڈیو میں دونوں افراد کے ہاتھ بجلی کے کھمبے سے بندھے ہوئے ہیں اور ایک مسلح شخص اِن پر فائرنگ کرتا دکھائی دیتا ہے۔
بعد میں سامنے آنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں افراد خون میں لت پت زمین پر پڑے ہیں اور اِطراف میں لوگوں کا ہجوم موجود ہے۔ ایک شخص اِن کی لاشوں پر چادر ڈالتا دکھائی دیتا ہے جبکہ ایک دوسرا شخص زبیر احمد کا نام لے کر روتا نظر آتا ہے۔ لیکن اِس شخص کا مقتول حملہ آور سے کیا تعلق تھا، یہ اب تک معلوم نہیں ہو سکا۔
سوشل میڈیا پر اِس بات پر بھی بحث ہو رہی ہے کہ دونوں مبینہ حملہ آوروں کے پکڑے جانے کے بعد پولیس نے بروقت کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟
نوشکی پولیس کے ڈی ایس پی جہانزیب حبیب کے مطابق تین افراد کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
قبرستان سے میت لے گئے، ایک شخص اغوا
گوشت مارکیٹ میں پیش آنے والے واقعے کے چند گھنٹوں بعد منگل کی شب جہانزیب کی میت تدفین کے لیے کلی غریب آباد کے قبرستان لائی گئی تو مسلح افراد وہاں پہنچ گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق مسلح افراد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور اُن کی تعداد 20 سے زائد تھی۔ اُنہوں نے تدفین کے لیے آنے والے افراد اور مقتول جہانزیب کے رشتہ داروں کو دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے قتل میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے۔
بعدازاں مسلح افراد نے جہانزیب کی میت چھین لی اور اسے اپنے ساتھ نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔ نوشکی پولیس کے ایک افسر نے میت چھینے جانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ مسلح افراد نے جاتے ہوئے جنازے میں شریک امیر محمد حسنی نامی شخص کو بھی اغوا کرلیا۔ امیر محمد حسنی نوشکی میں قائم ایک ڈرگ ری ہیب سینٹر کے مالک بتائے جاتے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں مبینہ حملہ آوروں میں شامل زبیر احمد کی تدفین بھی اسی قبرستان میں کچھ دیر قبل کی گئی تھی۔ مسلح افراد نے وہاں پہنچنے کے بعد اُس کی قبر پر حاضری بھی دی۔
تاہم بلوچستان حکومت کے محکمۂ داخلہ کے میڈیا معاون بابر یوسفزئی نے اپنے بیان میں قبرستان سے میت لے جانے اور ایک شخص کے اغوا کے واقعے کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں اور یہ واضح کیا ہے کہ اِس معاملے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔
نوشکی پولیس کے ایک افسر کے مطابق، مقتول جہانزیب یا مغوی کے رشتہ داروں نے اب تک اِس واقعہ سے متعلق کوئی شکایت پولیس میں درج نہیں کرائی تاہم اُن کا کہنا ہے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق مقتول جہانزیب کی میت اب تک واپس نہیں ملی۔
پولیس افسر نے واقعہ کے محرکات سے متعلق کہا کہ ابتدائی طور پر پولیس کو یہ واقعہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت کا نتیجہ معلوم ہوا تھا تاہم بعد کی صورتِ حال سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ معاملہ ڈکیتی کا نہیں تھا۔













