Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جینسن ہوانگ سکینڈل کے بعد واشنگٹن میں چین کے خلاف سخت پالیسی کے مطالبے میں شدت کا امکان

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ سے متعلق جاسوسی کے الزامات نے واشنگٹن میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں چین کے خلاف سخت مؤقف رکھنے والے قانون ساز اس معاملے کو چین کو جدید اے آئی چپس کی برآمدات محدود کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جینسن ہوانگ نے اتوار کو اعتراف کیا کہ ان کے ایلس ہوانگ نامی خاتون کے ساتھ تعلقات تھے۔ ایلس ہوانگ سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو ہیں، جن کے بارے میں امریکی انٹیلی جنس حکام کا شبہ ہے کہ وہ چینی انٹیلی جنس کے لیے کام کر رہی تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوانگ کا دفاع کرتے ہوئے انہیں ’ایک باعزت شخص‘ قرار دیا اور کہا کہ ہوانگ نے انہیں بتایا ہے کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں تھا کہ مذکورہ خاتون جاسوس تھیں۔
جینسن ہوانگ کئی برس سے چین کو جدید اے آئی چپس کی فروخت پر پابندیوں کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔
گذشتہ سال ٹرمپ نے چین مخالف قانون سازوں کے تحفظات کے باوجود این ویڈیا کی ایچ 200 چپس چین برآمد کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
امریکی تھنک ٹینک سینٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے آلوک مہتا کے مطابق واشنگٹن میں چین کے حوالے سے سخت پالیسی کے حامی حلقے برآمدی پابندیوں میں نرمی کے فیصلوں سے ناخوش تھے اور اب انہیں اپنی کوششوں کے نتائج سامنے آتے دکھائی دے سکتے ہیں۔
کانگریس میں تحقیقات کا امکان
واشنگٹن میں متعدد حلقے امریکہ اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور فوجی برتری کی دوڑ کو سرد جنگ جیسی مسابقت قرار دیتے ہیں۔ ان حلقوں کو صدر ٹرمپ کی جانب سے چین کے معاملے پر نسبتاً نرم پالیسی اختیار کرنے پر تحفظات رہے ہیں۔
امریکہ کے سابق نائب وزیر خارجہ کرٹ کیمبل کے مطابق اس معاملے پر طویل عرصے بعد ایک بڑی تحقیقات شروع ہونے کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکی قانون ساز یہ جاننا چاہیں گے کہ حکومت کو مبینہ جاسوسی روابط کا علم کب ہوا، آیا صدر ٹرمپ کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا تھا اور کیا ان روابط نے چین سے متعلق امریکی پالیسی پر اثر ڈالا۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مئی میں صدر ٹرمپ کو ان الزامات سے آگاہ کیا تھا، تاہم صدر نے اس وقت کوئی کارروائی نہیں کی۔
دوسری جانب واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ چین کو چپس کی فروخت دوبارہ شروع کرنے کی اجازت ملنے کے چند ماہ بعد این ویڈیا نے وائٹ ہاؤس کے مجوزہ بال روم منصوبے کے لیے ڈھائی کروڑ ڈالر عطیہ کیے، جو بڑے عطیات میں شامل تھا۔ تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ عطیہ اس کے کاروباری مفادات سے متعلق نہیں تھا۔
امریکی ایوان نمائندگان کی تین ریپبلکن کمیٹیوں کے چیئرمین نے جینسن ہوانگ کو 18 نومبر کو بند کمرے میں ہونے والی بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس میں ایلس ہوانگ سے ان کے روابط اور جاسوسی سے بچاؤ کے لیے این ویڈیا کے حفاظتی اقدامات پر سوالات کیے جائیں گے۔
ٹرمپ کی سیاسی پوزیشن اور چین پالیسی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہوانگ کا دفاع کرتے ہوئے انہیں ’ایک باعزت شخص‘ قرار دیا ہے: فائل فوٹو اے ایف پی

بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے ماہر کائل چان کے مطابق ریپبلکن ارکان طویل عرصے سے صدر ٹرمپ کی مخالفت کرنے سے گریز کرتے رہے ہیں، تاہم کانگریس میں اکثریت کھونے کے بعد بعض ارکان اب ان سے اختلاف کرنے میں زیادہ آزاد محسوس کر سکتے ہیں۔
اس معاملے کے نتیجے میں دو جماعتی حمایت رکھنے والے مجوزہ ’اے آئی اوور واچ ایکٹ‘ کو بھی دوبارہ آگے بڑھانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ اس قانون کے تحت کانگریس کو چین اور دیگر مخالف ممالک کو جدید اے آئی چپس برآمد کرنے کے لائسنسوں کا جائزہ لینے اور انہیں روکنے کا اختیار مل سکتا ہے۔
منروا ٹیکنالوجی فیوچرز کی سربراہ ایملی بینسن کے مطابق حالیہ انکشافات نے چین کو جدید ٹیکنالوجی کی برآمدات پر پابندیوں سے متعلق اقدامات کو دفاعی بجٹ کے سالانہ بل میں شامل کرنے کے حامیوں کو نئی تحریک دی ہے۔
تاہم ان کے مطابق اصل فیصلہ صدر ٹرمپ کے ہاتھ میں ہوگا، کیونکہ وہ کسی بھی قانون کو ویٹو کر سکتے ہیں۔ کانگریس کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت ہی اس ویٹو کو ختم کر سکتی ہے۔
چین کی ممکنہ جوابی کارروائی

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دورۂ چین کے لیے جینسن ہوانگ کو خصوصی طور پر شامل کیا تھا: فائل فوٹو اے ایف پی

امریکی محکمہ تجارت کے حکام نے بھی نئے ضوابط متعارف کرانے کی تجویز دی ہے، جن میں چین کی جانب سے جدید اے آئی چپس تک ریموٹ رسائی محدود کرنا شامل ہے۔
ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ دی انفارمیشن کے مطابق وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک صدر ٹرمپ کی ہدایت کے بغیر کوئی قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔
محکمہ تجارت کو میگاسپیڈ اور این ویڈیا کے معاملات کی تحقیقات مبینہ طور پر روکنے پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔
تاہم چین کو نشانہ بنانے والی سخت برآمدی پابندیاں صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان گذشتہ سال طے پانے والے تجارتی تناؤ میں کمی کے معاہدے کو متاثر کر سکتی ہیں۔
ایملی بینسن کے مطابق چین ایسی پابندیوں کے جواب میں امریکی سپلائی چین کو متاثر کرنے کے لیے فوری جوابی اقدامات کر سکتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایف بی آئی جاسوسی کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ این بی سی نیوز کے مطابق محکمہ انصاف اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ آیا میگا سپیڈ نے این ویڈیا کی چپس غیر قانونی طور پر چین منتقل کی تھیں۔
میگا سپیڈ نے چپس کی سمگلنگ کے الزامات کی تردید کی ہے جبکہ بیجنگ نے جاسوسی کے دعوؤں کو بے بنیاد الزامات قرار دیا ہے۔
بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے کائل چان کے مطابق اگر تحقیقات میں کسی غلط کام کی تصدیق ہوتی ہے اور جینسن ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑتا ہے تو اس کے امریکی اے آئی انڈسٹری پر بڑے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، کیونکہ این ویڈیا اور مجموعی طور پر اس صنعت کی ترقی میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔
تاہم آلوک مہتا کے مطابق ہوانگ کے عہدے پر برقرار رہنے کی صورت میں بھی کانگریس اور امریکی حکومت میں این ویڈیا کا اثر و رسوخ نمایاں طور پر کم ہو سکتا ہے۔

شیئر: