انڈیا کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو خدشہ تھا کہ اگر وہ 1975 میں وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہو گئیں تو کانگریس تقسیم ہو جائے گی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو سیاسی طور پر آگے بڑھنے کا موقع مل جائے گا۔
انڈین اخبار ’دی ٹرائبیون‘ کے مطابق یہ انکشاف کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے اپنی نئی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ میں کیا ہے جو منگل کو شائع ہوئی ہے۔
کتاب میں انڈیا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے پہلے کے سیاسی حالات، سنجے گاندھی کے اپنی والدہ پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ، جبری نس بندی کی مہم، کچی آبادیوں کے انہدام اور گاندھی خاندان کے اندرونی اختلافات پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
دہلی میں تشدد کی ذمہ دار مرکزی حکومت: سونیا گاندھیNode ID: 461471
-
راجیو گاندھی قتل کیس: ’ہمیں قاتل نہیں مظلوم کے طور پر دیکھیں‘Node ID: 717261
سونیا گاندھی کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اندرا گاندھی کے انتخاب کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد ان کے بڑے بیٹے جو بعد میں خود بھی انڈیا نے کم عمر ترین وزیر اعظم بنے، راجیو گاندھی نے انہیں مستعفی ہونے کا مشورہ دیا تھا۔
سونیا لکھتی ہیں کہ ’اندرا گاندھی کو خدشہ تھا کہ آر ایس ایس جے پرکاش نارائن کی تحریک کو کانگریس کمزور کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے اور ان کی حکومت کے مخالف سیاسی عناصر کانگریس کو ختم کرنے کے لیے متحد ہو رہے ہیں۔‘
سونیا کے مطابق اندرا گاندھی نے راجیو گاندھی سے کہا تھا کہ ’اگر میں مستعفی ہو گئی تو پارٹی تقسیم ہو جائے گی اور بکھر جائے گی، اور آر ایس ایس کو اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے کا موقع مل جائے گا۔‘
کتاب میں سونیا گاندھی نے آر ایس ایس کے بارے میں اندرا گاندھی کے پرانے تحفظات کا بھی ذکر کیا ہے۔ ان کے مطابق اندرا گاندھی کی تنظیم سے بداعتمادی تحریک آزادی کے زمانے سے چلی آ رہی تھی۔
سونیا نے ایک سابقہ خط کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں اندرا گاندھی نے آر ایس ایس کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کا موازنہ نازی جرمنی کی براؤن شرٹس سے کیا تھا اور تنظیم کی مالی معاونت اور سیاسی عزائم پر تشویش ظاہر کی تھی۔
کتاب میں سونیا گاندھی نے آر ایس ایس کی نظریاتی تاریخ، وی ڈی ساورکر کے برطانوی حکام سے روابط اور تنظیم کے بعض نظریہ سازوں کے ہٹلر سے متعلق خیالات کے بارے میں بھی الزامات اور دعوے بیان کیے ہیں۔
ایمرجنسی کے نفاذ کے حالات
سونیا گاندھی کے مطابق 12 جون 1975 کو آلہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اندرا گاندھی کا انتخاب کالعدم قرار دیے جانے کے بعد وہ شدید پریشان تھیں۔
فیصلے کے بعد راجیو گاندھی اپنی والدہ کے کمرے میں گئے، جہاں کچھ دیر بعد سونیا گاندھی بھی پہنچ گئیں۔
سونیا لکھتی ہیں کہ اندرا گاندھی نے راجیو سے بار بار پوچھا کہ انہیں کیا کرنا چاہیے اور کیا انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
راجیو گاندھی نے انہیں مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چند ماہ بعد انتخابات ہونے والے ہیں اور عوام سے نیا مینڈیٹ حاصل کرکے سیاسی غیر یقینی صورتحال ختم کی جا سکتی ہے۔ اندرا گاندھی نے ابتدا میں اس مشورے سے اتفاق بھی کیا تھا۔
In a small Greek restaurant in Cambridge my journey of love began. Rajiv and I created a world filled with love, laughter and memories. On 10th November, I share that world with you. https://t.co/zvN5Rqqstf
— Sonia Gandhi (@SoniaGandhi) October 24, 2026
تاہم اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مہم تیز ہونے کے بعد صورتحال تبدیل ہو گئی۔
22 جون کو سپریم کورٹ نے اندرا گاندھی کو مشروط حکم امتناع دیا، جس کے تین روز بعد جے پرکاش نارائن نے دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین، پولیس اور مسلح افواج سے اپیل کی کہ وہ ایسے احکامات پر عمل نہ کریں جنہیں وہ غلط سمجھتے ہیں۔
سونیا گاندھی کے مطابق اندرا گاندھی نے مسلح افواج سے اس اپیل کو غداری کے مترادف قرار دیا۔
اس دوران سینئر رہنماؤں سدھارتھ شنکر رے اور ایچ آر گوکھلے سمیت بعض اہم ساتھی سخت اقدامات کے حامی تھے، جبکہ سنجے گاندھی کا اصرار تھا کہ اپوزیشن کو روکنا ضروری ہے۔
بالآخر آئین کے آرٹیکل 352 کے تحت ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور 26 جون 1975 کو انڈیا کے شہریوں نے اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں، احتجاج پر پابندیوں اور ذرائع ابلاغ پر سنسرشپ کے ساتھ دن کا آغاز کیا۔
سونیا گاندھی نے ایمرجنسی سے پہلے کے سیاسی حالات کا ذکر کرتے ہوئے 1974 کی جارج فرنینڈس کی قیادت میں ہونے والی ریلوے ہڑتال اور گجرات کی نو نرمان تحریک کا بھی حوالہ دیا ہے۔
ان کے مطابق گجرات میں احتجاجی تحریک کے دوران تقریباً 100 افراد ہلاک اور ایک ہزار زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ریاستی اسمبلی تحلیل کر دی گئی تھی۔
بعد ازاں طلبہ کے احتجاج کا دائرہ بہار تک پھیل گیا جہاں جے پرکاش نارائن اپوزیشن کی نمایاں ترین شخصیت بن کر سامنے آئے۔
سنجے گاندھی کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ اور جبری نس بندی
کتاب کا ایک بڑا حصہ ایمرجنسی کے دوران سنجے گاندھی کے سیاسی اثر و رسوخ اور ان کے متنازع اقدامات سے متعلق ہے۔
سونیا گاندھی تسلیم کرتی ہیں کہ سنجے گاندھی کے پاس کوئی آئینی عہدہ یا سرکاری اختیار نہ ہونے کے باوجود وہ حکومتی فیصلوں میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

سنجے گاندھی کے پانچ نکاتی پروگرام میں خاندانی منصوبہ بندی، شرح خواندگی میں اضافہ، جہیز اور ذات پات کے امتیاز کی مخالفت، شجرکاری اور شہری علاقوں کی بہتری شامل تھی۔
تاہم خاندانی منصوبہ بندی کی مہم سرکاری اہلکاروں کی جانب سے نس بندی کے اہداف پورے کرنے کی دوڑ کے باعث جبری اقدامات سے منسلک ہو گئی۔
سونیا گاندھی کے مطابق یہ پروگرام ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا اور اس پر عمل درآمد کے دوران اس کے ممکنہ نتائج کو خاطر میں نہیں رکھا گیا۔
کتاب میں پرانی دہلی کے ترکمان گیٹ کے اطراف کچی آبادیوں کے انہدام اور متاثرہ خاندانوں کی دوسری جگہ منتقلی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
سونیا لکھتی ہیں کہ ’بے گھر ہونے والے خاندانوں کو دریائے جمنا کے پار ایسے علاقوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں دی گئی زمینیں پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں۔‘
’احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے۔‘
سونیا گاندھی کے مطابق خاندان کے ایک بزرگ نے سوال اٹھایا تھا کہ بارشوں کے موسم میں بے گھر خاندانوں کو ایسے مقامات پر کیوں منتقل کیا گیا جہاں ان کے لیے مختص پلاٹ پانی میں ڈوبے ہوئے تھے۔
اس پر سنجے گاندھی نے جواب دیا تھا کہ ’ایسا نہیں ہے، آپ خود جا کر دیکھ سکتے ہیں۔‘
سونیا لکھتی ہیں کہ ’بعد ازاں اندرا گاندھی نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور واپس آئیں تو ان کی ساڑھی گھٹنوں تک کیچڑ سے بھیگی ہوئی تھی، جس سے سرکاری دعوؤں اور زمینی حقائق کے درمیان فرق واضح ہو گیا۔‘
کاشی وشواناتھ مندر کے اطراف ترقیاتی منصوبہ
سونیا گاندھی نے اگست 1975 میں وارانسی کے کاشی وشواناتھ مندر کے اطراف ایک منصوبے کا بھی ذکر کیا ہے۔
ان کے مطابق پوپل جے کر نے اندرا گاندھی کو بتایا تھا کہ مندر کی جانب جانے والی تنگ گلی کو خوبصورت بنانے کی تجویز ہے جہاں صدیوں پرانے مکانات اور عبادت گاہیں موجود تھیں۔

سونیا لکھتی ہیں کہ ’جب اندرا گاندھی کو معلوم ہوا کہ یہ منصوبہ سنجے گاندھی کے شہری خوبصورتی کے پروگرام کا حصہ ہے تو انہوں نے فوری طور پر اسے رکوا دیا۔‘
سونیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ’جس تاریخی ورثے کو اندرا گاندھی محفوظ رکھنا چاہتی تھیں، اسے بعد ازاں 2018 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں ہونے والی تعمیر نو کے دوران نقصان پہنچا۔‘
سنجے گاندھی کے رویے پر اندرا گاندھی کی تشویش
کتاب کے مطابق سنجے گاندھی کے رویے اور سیاسی سرگرمیوں پر خاندان کے اندر بھی تشویش بڑھ رہی تھی۔
جولائی 1976 میں سنجے گاندھی نے ایک انٹرویو کے دوران سوویت یونین، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور اپنی والدہ کی بعض پالیسیوں پر تنقید کی، جس سے اندرا گاندھی کو اس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب ماسکو انڈیا کا اہم اتحادی تھا۔
سونیا کے مطابق اندرا گاندھی نے راجیو اور سونیا سے کہا تھا کہ ’وہ میری بات نہیں سنتا، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ کیا کروں۔‘
اس کے بعد اندرا گاندھی نے اپنے پرنسپل سیکریٹری پی این دھر کو صورتحال سنبھالنے کی ذمہ داری سونپی۔
نومبر 1976 میں گوہاٹی میں کانگریس کے اجلاس کے دوران سنجے گاندھی کو یوتھ کانگریس کا غیر متنازع رہنما قرار دیے جانے کے بعد سنجے گاندھی کی سیاسی مقبولیت اور کانگریس میں بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر پارٹی کے بعض سینئر رہنما بھی ناخوش تھے۔
مانیکا گاندھی اور خاندان کے اندر اختلافات
سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں مانیکا گاندھی کے ساتھ اپنے تعلقات اور خاندان کے اندر بڑھتی ہوئی کشیدگی کا بھی تفصیلی ذکر کیا ہے۔
وہ لکھتی ہیں کہ ابتدا میں انہیں مانیکا کی صحبت اچھی لگتی تھی اور وہ انہیں خوش مزاج اور باتونی قرار دیتی ہیں۔ ان کی بیٹی پریانکا بھی اکثر مانیکا کے کمرے میں جا کر کہانیاں سنا کرتی تھیں۔
تاہم وقت کے ساتھ دونوں کے تعلقات خراب ہوتے گئے۔
سونیا کے مطابق گھر کا عملہ انہیں ’بہو رانی‘ اور مانیکا کو ’چھوٹی بہو‘ کہہ کر پکارتا تھا۔ سونیا اسے روایتی اندازِ خطاب سمجھتی تھیں تاہم ان کے خیال میں مانیکا اس فرق کو اپنی توہین تصور کرتی تھیں۔
سونیا لکھتی ہیں کہ وہ عموماً مانیکا کے تلخ رویے کا جواب دینے سے گریز کرتی تھیں تاہم بعض مواقع پر انہیں جواب دینا پڑتا تھا۔

انہوں نے سنجے اور مانیکا کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کا بھی ذکر کیا ہے، جس میں اندرا گاندھی کی موجودگی میں نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے گئے۔
سونیا کے مطابق اندرا گاندھی کو مانیکا کے سنجے پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ پر تشویش تھی اور ان کا خیال تھا کہ مانیکا سنجے کی سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔
سونیا لکھتی ہیں کہ اندرا گاندھی نے کابینہ سیکریٹری پی این دھر سے مانیکا کے بارے میں کہا تھا کہ ’اس کے تو ابھی سے پر نکلنے لگے ہیں۔‘
خاندانی اختلافات کے اثرات راجیو اور سنجے کے تعلقات پر بھی پڑے، جو پہلے ایک دوسرے کے انتہائی قریب تھے۔
سونیا کے مطابق ایک مشترکہ دوست نے راجیو کو بتایا تھا کہ مانیکا نے انہیں سنجے کے سیاسی مقام پر حسد کرنے والا قرار دیا ہے، جس سے راجیو کو دکھ پہنچا۔
راجیو گاندھی سیاست کے بجائے بطور پائلٹ اپنے پیشے اور خاندانی زندگی کو ترجیح دیتے تھے، تاہم وہ حکومتی اقدامات کے بارے میں عوامی شکایات اور اپنے تحفظات اپنی والدہ تک پہنچاتے رہتے تھے۔
ایک موقع پر اندرا گاندھی نے راجیو کو عوامی ناراضی سے متعلق اطلاعات پر یقین کرنے پر سرزنش کی، جس پر راجیو نے کہا کہ ’بعض شکایات مبالغہ آرائی پر مبنی ہو سکتی ہیں لیکن بہت سی شکایات درست بھی ہیں۔‘
سونیا لکھتی ہیں کہ ’اس گفتگو کے بعد راجیو کمرے سے نکلے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ بعد ازاں اندرا گاندھی ان کے پاس آئیں اور ان کی پیشانی پر بوسہ دیا۔‘
سنجے گاندھی کا ماروتی منصوبہ اور سونیا کی شمولیت
سونیا گاندھی نے سنجے گاندھی کے متنازع ماروتی کار منصوبے میں اپنی شمولیت کا بھی انکشاف کیا ہے۔

ان کے مطابق سنجے گاندھی نے برطانیہ میں رولز رائس کے ساتھ تربیت حاصل کی تھی تاہم اندرا گاندھی کی خواہش کے مطابق پانچ سالہ کورس مکمل نہیں کیا۔
انڈیا واپس آنے کے بعد سنجے گاندھی نے دسمبر 1968 میں چھوٹی گاڑی تیار کرنے کے لیے اجازت کی درخواست دی اور سنہ 1970 کے اختتام تک انہیں اس حوالے سے لیٹر آف انٹینٹ جاری کر دیا گیا۔
انہوں نے دہلی کے علاقے گلابی باغ میں گاڑی کا ابتدائی ماڈل تیار کرنے پر کام شروع کیا اور سونیا گاندھی کو کمپنی کے بورڈ میں شامل ہونے کی دعوت دی، کیونکہ وہ خاندان کی واحد فرد تھیں جن کے پاس کوئی سرکاری ملازمت نہیں تھی۔
ماروتی لمیٹڈ کو زمین کی الاٹمنٹ اور کاروباری شراکت داروں کی شمولیت کے باعث اقربا پروری کے الزامات سامنے آئے۔
سنہ 1974 میں گاڑی کو سڑک پر چلانے کے قابل ہونے کا سرٹیفکیٹ مل گیا تاہم قانونی چیلنجز اور دیگر مشکلات کے باعث منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔
عدالتی حکم کے تحت سنہ 1978 میں ماروتی کو بند کر دیا گیا تاہم 1981 میں اندرا گاندھی کی حکومت نے اسے سوزوکی کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے طور پر دوبارہ شروع کیا اور 1983 میں گاڑیوں کی پیداوار کا آغاز ہوا۔
سونیا گاندھی نے مارچ 1975 میں الہ آباد ہائی کورٹ میں اندرا گاندھی کی گواہی کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کا بھی ذکر کیا ہے۔
ان کے مطابق جب سنجے گاندھی کے ماروتی منصوبے سے متعلق سوال اٹھایا گیا تو اندرا گاندھی نے سونیا کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کو کہا، کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ کمپنی سے تعلق کے باعث سونیا کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔













