Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حدیقہ کیانی کا سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں کی ازسرنو تعمیر کا اعلان

حدیقہ کیانی نے سیلاب سے متاثر ہونے والے کئی گاؤں گود لینے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے کئی دیہات ’ایڈاپٹ‘ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انہیں نئے سرے سے تعمیر کروائیں گی۔
حدیقہ کیانی نے پیر کو ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں متعدد دیہاتوں کے نام بتاتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے ان دیہاتوں کی ازسرنو تعمیر کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔‘
اپنے حالیہ دورہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی گلوکارہ نے لکھا کہ ’یہ ابتدا ہے۔ میں آئندہ چند روز میں پنجاب اور سندھ کے دوردراز علاقوں کا دورہ کر کے مزید دیہات ایڈاپٹ کروں گی۔‘
انہوں نے تین الگ الگ ٹویٹس پر مشتمل اپنے پیغام میں مخیر پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ’متاثرہ گاؤں ایڈاپٹ کر کے اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔‘
متعدد ٹویپس نے ان کے امدادی منصوبے کو سراہا تو سیلاب متاثرین کے ساتھ گفتگو اور اس دوران پاکستانی اداکارہ کے منکسرانہ انداز کی بھی تعریف کی۔
پاکستانی گلوکارہ کے پیغام پر تبصرہ کرتے ہوئے علی عباس نے ان کی توجہ جنوبی پنجاب کی سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کی جانب مبذول کرائی اور ان کی مدد کا کہا۔

اس کے جواب میں حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ ’آئندہ امداد، ادویات، غذا وغیرہ کے ساتھ جنوبی پنجاب اور سندھ کے علاقوں میں جاؤں گی۔
پاکستانی حکام اور امدادی اداروں کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے اور ہزاروں ایکڑ پر قائم فصلوں سمیت گھر و دیگر املاک مکمل تباہ ہوئی ہیں۔

شیئر: